Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں الیکشن کمشنرز سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی نے الیکشن کمیشن پر دباو ڈالنے کا پلان تیار کرلیا، ذرائع
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2024 08:05pm

سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی اور حکومت پر کھل کر تنقید کی۔ عمر ایوب نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں الیکشن کمشنر مستعفی ہوں۔ شبلی فراز نے کہا کہ جو مقدمات بنائے وہ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے، عدالتیں انصاف دے رہی ہیں، فیصلہ تاریخ میں سنہری حروف سےلکھا جائے گا۔ پریس کانفرنس کے بعد پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن پر دباو ڈالنے کا پلان تیار کرلیا ہے۔

اسلام آباد میں مخصوص نشستوں کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے معاملے پر بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں عمرایوب، شبلی فراز، اسد قیصر اور دیگر نے شرکت کی، جب کہ کچھ پارٹی رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے اہم بیٹھ میں شریک ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے بارے میں لیگل ٹیم نے بریفنگ دی، سیاسی کمیٹی نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بارے لیگل ٹیم اور بانی چیئرمین کو مبارکباد دی۔

الیکشن کمیشن پر دباو ڈالنے کا پلان تیار

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کے لئے الیکشن کمیشن پر دباو ڈالنے کا پلان تیار کرلیا ہے۔

اجلاس میں کمیٹی نے پی ٹی آئی کے 39 ارکان کی فہرست، اور مخصوص نشستوں سے متعلق بھی مشاورت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلوں کا اعلامیہ بھی جاری کئے جانے کا امکان ہے، جب کہ پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی، بعض پارٹی اقدامات کی بھی توثیق کرے گی۔

پی ٹی آئی کا چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں الیکشن کمشنرز سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بار بار کہا آئین اور قانون کی بالادستی ضروری ہے، ہم شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ فیصلے سے جمہوریت مضبوط ہوگی، اگلے وزیراعظم بانی پی ٹی آئی ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں الیکشن کمشنرمستعفی ہوں۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف تمام لوگوں کی مشکور ہے، جمہوری قوتوں، پی ٹی آئی ورکرز، پاکستان کیلئے خوشی کا دن ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن بدنیتی کی بنا پر کلعدم قرار دیے۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا کہ تحریک انصاف پارٹی تھی اور ہے، پی ٹی آئی نےملک بھر میں پارٹی ٹکٹ جاری کیے، حالانکہ ہمارے نمائندوں سےٹکٹ چھینے گئے۔ پی ٹی آئی ایک ہے اور ایک ہی رہےگی، کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے۔

اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرشبلی فراز نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی استقامت سےجیل میں ہیں تاکہ عوام کو حقیقی آزادی دلائی جا سکے، عمران خان نے پاکستان کی عوام کو جوڑ رکھا ہے، سارے مسائل کے حل کی کنجی بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔

انھوں نے کہا کہ جو مقدمات بنائے وہ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئے، ہمارے خلاف ہر طرح کا حربہ استعمال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں انصاف دے رہی ہیں اور دے سکتی ہیں، ایک فیصلہ فروری میں عوام نے دیا دوسرا آج سپریم کورٹ نے دیا، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ الیکشن کمیشن نے زیادتی کی، آج کا فیصلہ تاریخ میں سنہری حروف سےلکھا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے قبل بھی پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخ میں لکھا جائے گا، عوام آج نوافل ادا کریں، آخرکار ہمیں ہماراحق مل ہی گیا، آج 25 کروڑعوام کیلئے خوشی کا دن ہے، ججزنے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا۔

اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

سیاسی تاریخ کا یادگار دن ہے، ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، سینیٹر شبلی فراز

رہنما پی ٹی آئی شبلی فراز نے کہا کہ ’آج کا دن پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ کا یاد گار دن ہے اور ابھی ہمیں آدھا مینڈیٹ ملا ہے، ہماری جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی۔‘

پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عدالتوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہمیں مخصوص نشستیں مل گئی ہیں، فیصلے سے انصاف کا علم بلند ہوا۔

سنی اتحاد کونسل کے رہنما حامد رضا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج حقدارکوحق دلوایا، الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی، سپریم کورٹ نےالیکشن کمیشن پراظہارعدم اعتماد کردیا، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفی دیں۔

آج سپریم کورٹ سے تحریک انصاف کوانصاف ملا، فوادچوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں سب سےبڑی جماعت ہے، موجودہ حکومت اپنے پاؤں پر نہیں کھڑی، پارلیمنٹ میں دوسری بڑی جماعت پیپلزپارٹی ہے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن پارلیمنٹ میں تیسرے نمبرکی جماعت ہے۔

ہم نے قانونی جنگ جیت لی لیکن سیاسی جنگ جیتنا باقی ہے، سلمان اکرم

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ آج حق اورسچ کی فتح ہوئی ہے، آج ہم نےقانونی جنگ جیت لی، سیاسی بھی جیتیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے آج کا فیصلہ کامیابی کی جانب پہلا قدم ہے۔

ہمارے لیڈرکو بھی رہا کیا جائے، کنول شوذب

اس موقع پر کنول شوذب نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو بےگناہ قید میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کوفوری انصاف دیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمارے لیڈر کو بھی رہا کیا جائے۔

Supreme Court

reserved seats

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)