Aaj News

منگل, نومبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکا میں ٹیکس چور اشرافیہ کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک ارب ڈالر کی وصولی

فی الحال 1600 افراد ہدف ہیں۔ ٹیکس نہ دینے والے ایک لاکھ افراد سے وصولی کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
شائع 12 جولائ 2024 08:55am

امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک سال کے دوران انتہائی مالدار طبقے کی طرف سے ٹیکس چوری روکنے کی مہم کے دوران ایک ارب ڈالر وصول کیے گئے ہیں۔ محکمہ خزانہ نے اس کامیابی کا سہرا انٹرنل ریونیو سروس کے سر باندھا ہے۔

امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ایل ییلن کہتی ہیں کہ ٹیکس کے نظام میں ہمواری اور شفافیت لاکر اشرافیہ کے ٹیکس دہندگان سے وصولی کی کوششیں کامیاب رہی ہیں۔ امریکی عوام کے لیے ٹیکس وصولی بڑھ گئی ہے۔

امریکی وزیرِ خزانہ نے رپورٹرز کو بتایا کہ آئی آر ایس نے 1600 ہائی اینڈ ٹیکس دہندگان کو ہدف بنایا ہے۔ 10 لاکھ ڈالر سے زائد آمدن والے اِن لوگوں پر ٹیکس کی مد میں ڈھائی لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔

آئی آر ایس کمشنر ڈینیل ورفل کا کہنا ہے کہ بہت سے انتہائی مالدار امریکیوں نے اپنے ٹیکس ادا کرنے کے معاملے میں غفلت شعاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ آئی آر ایس بھی اُن سے وصولی کے معاملے میں ڈھیل برتتی آئی ہے۔

آئی آر ایس بلند آمدنی والے ایک لاکھ افراد کی شناخت میں بھی مصروف ہے جنہوں نے کئی سال سے ٹیکس ادا نہیں کیے۔ علاوہ ازیں آئی آر ایس ہیج فنڈز، املاک میں سرمایہ کاری کے علاوہ ذاتی سفر کے لیے کارپوریٹ طیاروں کے غلط استعمال کے حوالے سے بھی اقدامات کر رہی ہے۔

نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق غیر معمولی اقدامات کے باوجود آئی آر ایس کو ٹیکس چوری کے معاملات کی نشاندہی میں میں تاخیر اور نامناسب ریسپانس کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔

US TAX EVASION

HIGH END TAX PAYERS

CRACKDOWN YEILDS ONE BILLION DOLLARS