Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نیپرا نے بجلی کے ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے اضافے کی منظوری دے دی، 200 یونٹ والوں کو استثنیٰ

نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف کا فیصلہ جاری کردیا
اپ ڈیٹ 12 جولائ 2024 08:24am

نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے یکساں ٹیرف پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی ہے۔

نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی ہے، جس میں ماہانہ 200 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کو 3 ماہ کے لیے اضافے سے استثنا دیا گیا ہے۔

نیپرا نے کراچی سمیت ملک بھر کے لیے بجلی کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف کا فیصلہ جاری کردیا جس کے تحت فی یونٹ قیمت میں 7روپے 12 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

نیپرا نے بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور نوٹیفکیشن کا اجرا ہوتے ہی قیمتوں کا اطلاق ہو جائے گا۔

حالیہ اضافے کے بعد گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا جبکہ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک یونٹ استعمال کا ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہو جائے گا۔

مالی مشکلات اور بجلی کا بھاری بل، ہاکی اولمپئین زاہد شریف نے گردہ بیچنے کا عندیہ دے دیا

ماہانہ 301 سے 400 یونٹ کا ٹیرف7.02 روپے اضافے سے 39.15روپے جبکہ ماہانہ 401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف استعمال کرنے والے کے لیے 6.12روپے اضافے سے ٹیرف 41.36روپے ہو جائے گا۔

ماہانہ 501 سے 600یونٹ کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 42.78روپے جبکہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 6.12روپے اضافے سے 43.92 روپے ہوجائے گا۔

ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 6.12 روپے اضافے سے 48.84 روپے ہوجائے گا اور ٹیکسوں کو ملا کر سلیب کے حساب سے فی یونٹ ٹیرف کی قیمت بڑھ جائے گی۔

ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ3.95 روپے برقرار رہے گا جبکہ ماہانہ 51سے100 یونٹ تک کے لائف لائن صارفین کے لیے فی یونٹ7.74 روپے برقرار رہے گا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نےبجلی کےیکساں ٹیرف کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی تھی۔

پاورڈویژن کی دستاویز کے مطابق نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کے ساتھ ماہانہ ایک سے 100یونٹ تک استعمال پر ٹیرف 37 روپے 38 پیسے، ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف 45 روپے 15 پیسے، ماہانہ201 سے 300 یونٹ تک کا ٹیرف 50 روپے17 پیسے ہوگا۔

دستاویز کے مطابق ماہانہ 301 سے 400 یونٹ تک کا ٹیرف 56 روپے 73 پیسے، ماہانہ401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 59 روپے 76 پیسے، ماہانہ501 سے 600 یونٹ تک کا ٹیرف 61 روپے 71 پیسے، ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کا ٹیرف 63 روپے24 پیسے اور ٹیکسز کے ساتھ ماہانہ 700 یونٹ سے زیادہ کے استعمال پر ٹیرف 69 روپے 27 پیسے ہوجائے گا۔

پاور ڈویژن کی دستاویز کے مطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کے ساتھ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کا ٹیرف 19 روپے 75 پیسے اور ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکڈ صارفین کا ٹیرف 22 روپے 71 پیسے ہوجائے گا۔