اسلام آباد : اتوار بازار میں آتشزدگی، 625 دکانوں کو نقصان
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے کئی اسٹالوں اور دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی سے 625 دکانوں کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
بدھ کو دن کے 11بجے کے قریب سیکٹر ایچ 9 میں واقع اتوار بازار میں آگ لگی، جس نے کئی اسٹالز کو لپیٹ میں لے لیا۔ گارمنٹ سیکشن میں لگنے والی آگ نے کچھ ہی دیر میں دیگر اسٹالز کو بھی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ نے جوتوں اور کراکری سیکشن کو بھی خاکستر کردیا۔
واضح رہے کہ 2022 کے بعد ایک بار پھر اسلام آباد کے بازارمیں بڑی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، آگ بجھانے کے عمل میں سی ڈی اے ، ضلعی انتظامیہ ، نیوی ، ائیرفورس اور راولپنڈی کے ایک درجن سے زائد فائربرگیڈ نے حصہ لیا۔
ابتداء میں اسلام آباد انتظامیہ کے تین فائرٹینڈرز پہنچے تاہم شدت دیکھنے پر دس گاڑیاں پہنچیں ساتھ ہی پاک نیوی، ائیر فورس اورراولپنڈی انتظامیہ سے بھی معاونت لی گئی۔
اسٹال ہولڈر نے شدید غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آگ لگی نہیں لگائی گئی۔ اسٹال ہولڈرز اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں ٹیکنیکل ماہرین کو بھی شامل کیا گیا ہے، کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دارن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے بچت بازار میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لیا تھا۔ انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے رابطہ کیا، وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے موقع پر پہنچے۔
انہوں نے آگ پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریسکیو اور فائربریگیڈ کی ٹیم کی تعداد بڑھائی جائے، اضافی وسائل لگا کر آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
وزیر داخلہ نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سے ریورٹ طلب کرلی، جب کہ انہوں نے آگ کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔
Comments are closed on this story.