Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فرانس میں شکست خوردہ پارٹی کی سربراہ کے خلاف تحقیقات

انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی لی پین کی انتخابی مہم کیلئے مشکوک فنڈنگ کا الزام ہے۔
شائع 10 جولائ 2024 10:02am

فرانس میں وکلائے سرکار نے انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت نیشنل ریلی کی سربراہ میرین لی پین کے خلاف مشکوک فنڈنگ کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

میرین لی پین کی پارٹی نے 2022 میں یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد فرانس کے حالیہ انتخابات میں بھی نیشنل ریلی نے ابتدائی مرحلے میں کامیابی حاصل کرکے سیاسی مبصرین کو حیران اور فرانسیسی حکومت کو پریشان کردیا تھا۔

دوسرے اور فیصلہ کن مرحلے میں نیشنل ریلی اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور شکست کھاگئی۔ پارلیمنٹ میں اُسے 143 جبکہ بائیں بازوں کے اتحاد نیو پاپولر فرنٹ کو 182 اور صدر ایمانویل میکراں کی پارٹی کو 163 نشستیں ملی ہیں۔

میرین لی پین کو انتخابی شکست کے بعد پیرس کے متعدد علاقوں میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے بھی الزامات اور تحقیقات کا سامنا ہے۔ ان پر ایک بنیادی الزام یہ ہے کہ 2022 کے یورپی پارلیمںٹ کے انتخابات میں انہوں نے مشکوک ذرائع سے انتخابی فنڈنگ حاصل کی تھی۔

میرین لی پین کا کہنا ہے کہ اُن کے خلاف مشکوک فنڈنگ کے حوالے سے تحقیقات بلا جواز ہے۔ انہوں نے صدر میکراں اور وزیرِ اعظم گیبریل ایٹل پر الزام لگایا ہے کہ انتخابی شکست کے بعد اب انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

فرانس میں سیاسی حلقے ڈر رہے تھے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ پولنگ کے دوسرے مرحلے میں بھی نیشنل ریلی جیت جائے اور دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی بار فرانس میں انتہائی دائیں بازو کی حکومت تشکیل پائے۔ نیشنل ریلی پارٹی فیصلہ اکثریت حاصل نہ کرسکی تاہم کوئی اور جماعت یا اتحاد بھی تنِ تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں۔ معلق پارلیمنٹ ملک کے سیاسی نظام کے لیے ایک بڑے خطرے کے روپ میں ظاہر ہوئی ہے۔

Marine Le Pen

NATIONAL RALLY PARTY

PROSECUTION

DUBIOUS FUNDING

FAR RIGHT ELEMENTS