Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کا کے الیکٹرک کے دفتر پر مظاہرہ

شمالی ناظم آباد کے مکینوں نے نعرے لگائے اور کے الیکٹرک انتظامیہ سے معقول اور اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا مطالبہ کیا۔
شائع 10 جولائ 2024 08:46am
علامتی تسویر
علامتی تسویر

کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف نارتھ ناظم آباد کے مکین رات گئے سڑکوں پر نکل آئے۔ مشتعل شہروں نے ڈی سی آفس کے نزدیک کے الیکٹرک کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کی آمد پر کے الیکٹرک انتظامیہ نے دفتر کے دروازے بند کرلیے۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کی۔ انکا کہنا تھا کہ روزانہ چودہ سے سولہ گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔

احتجاج کرنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئی فالٹ آجائے تو اُسے دور کرنے میں بھی کئی گھنٹے لگادیے جاتے ہیں۔ شیڈول سے ہٹ کر بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے نتیجے کی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شدید گرمی میں حبس کے باعث لوگوں کا گھروں میں رہنا دوبھر ہوگیا ہے۔ رات رات بھر بجلی غائب رہنے سے لوگ سو بھی نہیں پاتے اور اس کے نتیجے میں وہ معاشی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ نہیں لے پاتے۔

دکان داروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے کام بُری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ صنعتی یونٹس بھی بند پڑے رہتے ہیں۔

شدید گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے ہوئے شہریوں نے کے الیکٹرک کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ معقول اور اعلانیہ ہونا چاہیے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔

K Electric

LONGER LOADSHEDDING

UNSCHEDULED

DIFFICULTIES FOR CITIZENS