برمنگھم میں شاہد آفریدی کے خلاف نعرے بازی، ویڈیو وائرل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی برمنگھم میں ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں کچھ لوگ ان کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگاتے نظر آئے۔
شاہد آفریدی ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں جہاں ورلڈ چیمپین شپ آف لیجنڈز کا ایونٹ جاری ہے۔ ان کے ہمراہ سابق پاکستانی کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
وہیں شاہد آفریدی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ برطانیہ کے شہر برمنگھم میں موجود ایک چائے کے ریسٹورنٹ سے باہر نکل رہے ہیں جہاں انہیں دیکھتے ہی لوگوں کا ہجوم ان کے ساتھ تصویر بنوانے کے لیے اکٹھا ہوگیا۔
انہی لوگوں میں کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے اچانک شیم شیم کے نعرے لگانا شروع کردیے۔
ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ویڈیو میں صرف ایک ضمیر فروش تحریک انصاف کا ممبر دور سے کیمرہ پکڑ کر شاہد آفریدی کو گالیاں نکال رہا ہے جبکہ باقی تمام لوگ شاہد آفریدی سے محبت کررہے ہیں۔ انہوں نے شاہد آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا ظرف دیکھیں کہ انہوں نے اس ضمیر فروش سے بھی ہاتھ ملایا۔
وہیں ایک اور صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ شاہد آفریدی سے سیاسی اختلاف تو کرسکتے ہیں لیکن اس حد تک گر جانا کہ ان کے لیے شیم شیم کے نعرے لگانے شروع کردیے جائیں یہ بہت نا مناسب عمل ہے۔
Comments are closed on this story.