Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

جوان اور خوبصورت دکھنے کیلئے پرندوں کے تھوک سے بنا سوپ وائرل

دعوؤں کے مطابق پرندوں کے تھوک سے بنا یہ سوپ کن خصوصیات کا حامل ہے؟
شائع 09 جولائ 2024 08:32pm

آج کل سوشل میڈیا پر ہزاروں بیوٹی پروڈکٹس موجود ہیں جو دعویٰ کرتے ہیں کہ آپ کی جلد مخملی اور شفاف بنا دیں گے اور رنگ گورا کردیں گے، آپ کئی انفلوئنسرز کو دیکھتے ہوں گے جو اسکن کئیر کے متعدد ٹوٹکے بتاتے نظر آتے ہیں۔ ان میں دیسی سے لے کر جدید پروڈکٹس بھی شامل ہوتے ہیں۔

لیکن ایک ٹوٹکا ایسا ہی جو انسٹاگرام پر کافی مشہور ہو رہا ہے، اور وہ ہے ایک مخصوص پرندے کے تھوک سے بنا سوپ۔

چین، تائیوان، ہانگ کانگ اور سنگاپور جیسی جگہوں کے ایشیائی کچن میں ایک سوپ بنایا جاتا ہے پرندوں کے سخت تھوک سے بنے گھونسلوں کا بنا ہوتا ہے۔

”برڈ سلائیوا نیسٹ سوپ“ بالکل اپنے نام کی طرح ہے۔

یہ ڈیلیکیسی بہت سے ایشیائی ممالک میں پائی جاتی ہے اور اسے بڑھاپے کو روکنے اور قوت مدافعت کو بہتر بنانے کے لیے جانا جاتا ہے۔

انہیں کبھی کبھی ”مشرق کا کیویار“ بھی کہا جاتا ہے۔

پرندوں کے گھونسلے کا سوپ ”سوئفٹلیٹ“ (ابابیل) نامی پرندوں کے گھونسلے سے بنایا جاتا ہے، جو صرف جنوب مشرق اور مشرقی ایشیا میں پایا جاتا ہے۔

ابابیل اپنے تھوک سے گھونسلے بناتے ہیں اور عام ٹہنیوں اور پروں کا استعمال نہیں کرتے۔

ان گھونسلوں کو بعد میں صاف کرکے غذائیت اور بڑھاپے کو روکنے کے لیے مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے۔

مچھلی کے تھوک سے ہتھیاروں کی تیاری

یہ مختلف رنگوں میں بھی آتے ہیں جیسے کہ سرخ، سفید، گولڈ اور کریم کلر، جن میں سے ہر ایک کے صحت کے لیے مختلف فوائد ہوتے ہیں۔

اس کے رنگوں میں تبدیلی کی وجہ پرندوں کا ماحول کے ساتھ تعامل ہے، جو لعاب کو مزید غذائیت بخش بناتا ہے۔

برڈ نیسٹ سوپ کو ایشیائی ثقافتوں میں مردانہ طاقت بڑھانے کا زریعہ بھی سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

تاہم، ہر کوئی اسے خریدنا برداشت نہیں کر سکتا، کیونکہ اس کی قیمتیں 2000 سے لے کر 3000 امریکی ڈالرز (تقریباً ساڑے آٹھ لاکھ پاکستانی روپے) آدھا کلو تک ہیں۔

یہ قیمت مختلف عوامل پر منحصر ہے، اور ان کے حصول کا طریقہ ان میں سے ایک ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ پرندوں کا یہ گھونسلہ ضروری امینو ایسڈز، پروٹینز اور اہم معدنیات جیسے کیلشیم، آئرن، پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے ، جو کہ خلیے کی تخلیق نو اور مرمت کے لیے ضروری ہیں۔

ابابیل کے لعابی گھونسلے کی سب سے زیادہ وائرل خاصیت یہ ہے کہ اس میں سیالک ایسڈ کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے، جو انفیکشن اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

پرندوں کے گھونسلے کا ایک اور ممکنہ فائدہ کولیجن کی پیداوار کو فروغ دینا ہے، جس کی وجہ سے جلد کی لچک، ہائیڈریشن اور مجموعی طور پر ظاہر ہوتی ہے۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس کا باقاعدہ استعمال باریک لکیروں اور جھریوں کی ظاہری شکل کو کم کرتا ہے۔

بلیّ اور کتّے کے تھوک میں موجود خطرناک اور ہلاکت خیز جراثیم

بہت سے صارفین یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ پرندوں کا گھونسلہ توانائی کی سطح، مجموعی طور پر آنتوں کی صحت، اور لبیڈو کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔

لیکن پرندوں کا یہ سوپ دو بڑے مسائل کے ساتھ آتا ہے، اول یہ کہ اس میں سائنسی ثبوت کی کمی ہے، اور دوسرا یہ کہ اس کا حصول ماحول دوست نہیں ہوتا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ پرندوں کے گھونسلوں کی ضرورت سے زیادہ کٹائی سوئفٹلیٹ کی آبادی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پرندوں کے گھونسلے کا سوپ عام طور پر استعمال کے لیے محفوظ سمجھا جاتا ہے جب مناسب طریقے سے تیار کیا جائے، لیکن اس کے کچھ مضر اثرات ہو سکتے ہیں، جن میں الرجک رد عمل، جراثیم کی موجودگی، بھاری دھاتوں کی شمولیت، ہاضمے کے مسائل ہوسکتے ہیں۔

Bird Saliva Soup

Bird's nest soup

swiftlets