Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مرزا پور سیزن 3 کے آخری ایپی سوڈ میں پیدا ہونے والے سوالات اور کنفیوژن کا جواب

اگر آپ نے مرزا پور کا سیزن تھری نہیں دیکھا اسے یہاں سمجھ لیں
شائع 09 جولائ 2024 07:42pm

اگر آپ بھارتی ویب سیریز ”مرزا پور“ کے فین ہیں تو اب تک اس کا ”سیزن تھری“ دیکھ ہی چکے ہوں گے، جس کے آخری ایپی سوڈ (قسط) نے ناظرین کو چکرا دیا ہے، لیکن اگر آپ نے ابھی تک سیزن تھری نہیں دیکھا تو یہیں رُک جائیں کیونکہ آگے جو تفصیلات ہیں وہ دیکھنے سے پہلے ہی آپ کا مزہ کرکرا کردیں گی۔

پرائم ویڈیو سیریز ”مرزا پور“ کا سیزن تھری دو سال کے انتظار کےبعد ریلیز ہوا تو لوگوں کو اس سے کافی امیدیں تھیں، لیکن اس نے شائقین کو کافی مایوس کیا ہے۔

خاص طور پر اس کے آخری ایپی سوڈ نے کنفیوژن پیدا کردی ہے۔

اسی لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ لوگوں کو اس سیزن کے بارے میں مختصراً بتائیں اور کوشش کریں کہ آخری ایپی سوڈ بھی سمجھا دیا جائے۔

تو چلئے شروع کرتے ہیں!!!

سیریز کے مرکزی ولن پنکج ترپاٹھی عرف قالین بھیا دوسریے سیزن میں گڈو پنڈت کے ہاتھوں زخمی ہونے کے بعد شو کے زیادہ تر حصے میں غائب ہی رہے، بعد ازاں، معلوم ہوا کہ شرد شکلا نے انہیں بچایا اور تیواریوں کے ساتھ مل کر ان کا علاج معالجہ کروا کر جون پور میں اپنے گھر لے آئے۔

اس دوران گڈو پنڈت اور گولو گپتا قالین بھیا کو پورے پوروآنچل میں تلاش کرتے رہتے ہیں۔

گڈو پنڈت اور گولو گپتا ”مرزا پور کی گدّی“ پر مکمل کنٹرول کیلئے مختلف کھیل کھیلتے نظر آتے ہیں، اس دوران پتا چلتا ہے کہ سیزن ٹو میں مارے گئے چھوٹے تیواری دراصل ”بڑے“ تھے اور گولو کی محبت میں مبتلا ”چھوٹے“ زندہ ہیں اور گولو کو اغوا کرلیتے ہیں۔

اس دوران صوبے کی نئی وزیر اعلیٰ مادھوری یادو جو قالین بھیا کی بہو اور منا بھیا کی بیوی بن چکی ہیں ”بھئے مکت پردیش“ یعنی خوف سے ماورا ریاست قائم کرنے کا اپنا مشن لئے کئی چالیں چلتی ہیں، اس دوران وہ شرد شکلا کی محبت میں مبتلا ہوجاتی ہیں، لیکن جب انہیں پتا چلتا ہے کہ شرد شکلا نے ان کے باپ کو مارا تھا تو وہ اسے آخری موقع دیتی ہیں اقبال جرم کا، لیکن وہ ناکام رہتے ہیں۔

چھوٹے تیواری کا پول کھل جاتا ہے اور ان کی بھابھی گولو کو ان کی تحویل میں دیکھ لیتی ہیں، چھوٹے مزید بربادی کے ڈر سے گولو کی جگہ کسی اور لڑکی کی لاش جلا کر مرزاپور اور جون پور کے بارڈر پر پھینک دیتے ہیں، جسے دیکھ کر گولو کے والد جو پولیس انسپکٹر ہیں خودکشی کرلیتے ہیں، جبکہ گڈو پنڈت آپا کھو بیٹھتے ہیں۔

گڈو پنڈت اپنی بہن ڈمپی کے بوائے فرینڈ کو مار کر خود کو قانون کے حوالے کردیتے ہیں، جہاں مادھوی یادو ان کی خوب درگت بنواتی ہیں۔

اس دوران ”گدی“ کی ملکیت انہیں دینے کیلئے شرد شکلا قالین بھیا کو منا لیتے ہیں اور قالین بھیا وعدہ کرتے ہیں کہ مرزا پور کی گدی شرد کو ہی ملے گی۔ اور شرد کو باہو بلیوں کی بیٹھک بلانے کا کہتے ہیں۔

اس سے پہلے کہ ہم ”مرزا پور سیزن 4“ کی ممکنہ کہانی پر بات کریں، آئیے ان تمام سوالات پر نظر ڈالتے ہیں جو سیزن 3 نے آپ کیلئے چھوڑے ہیں۔

”مرزا پور 3“ کے آخری ایپی سوڈ میں، قالین بھیا آخر کار صحتیاب ہوکر ”بیٹھک“ میں چونکا دینے والی انٹری دیتے ہیں، جہاں دیگر تمام باہوبلی ”مرزا پور کی گدی“ کے مستقبل پر بات کرنے کے لیے موجود ہیں۔

وہاں پوروآنچل کے لیڈر کے طور پر ایک بار پھر گرمجوشی سے ان کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔

تاہم، اقتدار دوبارہ سنبھالتے ہی وہ اعلان کرتے ہیں کہ وہ اپنے بھتیجے شرد شکلا کو مرزا پور کا کنٹرول دے رہے ہیں۔

وہ شرد کو میٹنگ میں موجود ہر شخص کے سامنے اپنے عکس کے طور پر متعارف کراتے ہیں اور کہتے ہیں، ’گدی کی گرِما (اہمیت) اس پر بیٹھنے والے سے ہوتی ہے، جو اس کی گرما کو برقرار رکھ سکے، اسے بڑھائے، کٹھورتا (سختی) سے نرنئے (فیصلہ) لے اور سیّمتا (پکے دل) سے ڈنڈ (سزا) دے اور ہماری درشتی (نظر) میں ایک ہی ویکتی (شخص) ہے، ہمارا پرتیبند (عکس)، شرد شکلا‘۔

تاہم، جس لمحے شرد ”کنگ“ کے طور پر اپنے مسند کو خوش دلی سے قبول کرنے کے لیے اٹھتے ہیں، قالین بھیا مزید کہتے ہیں، ’اب سے یہ ہیں کنگ آف مرزا پور… اور ہمیں بے حد دکھ ہے کہ یہ آخری کنگ آف مرزا پور ہوں گے‘۔

اس کے بعد گولیاں چلتی ہیں اور اگلے ہی لمحے شرد شکلا خون میں لت پت نظر آتے ہیں۔

بیٹھک میں موجود تمام باہو بلی پولیس کی گولیوں سے مارے جاتے ہیں اور شرد شکلا کو مرنے سے قبل قالین بھیا مرزا پور کی گدی پر بیٹھنے کا موقع دیتے ہیں۔

سیزن ٹو کے اختتام پر قالین بھیا نے اعلان کیا تھا کہ وہ ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں اور حکمرانی اپنے بیٹے، منا بھیا کے حوالے کر رہے ہیں، جو آخر کار گڈو کی گولی کا شکار ہو جاتا ہے اور موقع پر ہی ہلاک ہو جاتا ہے۔ قالین بھیا بھی اسی حملے میں زخمی ہوتے ہیں اور جون پور میں شرد انہین پناہ دیتے ہیں۔

یہاں ایک بات واضح ہے کہ قالین بھیا نے شرد کو مارا ضرور لیکن وہ اپنے وعدے پر قائم رہے اور مارنے سے پہلے اسے مرزا پور کا نیا کنگ بنانے کا اعلان کیا۔ تاہم، انہوں نے شرد کو مرزا پور کے ’آخری‘ کنگ کے طور پر بھی مخاطب کیا، جس کا مطلب ہے کہ قالین بھیا پوروآنچل پر حکومت کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔

ہو سکتا ہے کہ وہ کھیل میں واپس آئے ہوں، لیکن صعر کھیل کو ہمیشہ کیلئے بدلنے کیلئے۔

اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ قالین بھیا نے شرد شکلا کو کیوں مارا؟

قالین بھیا کا بیٹا مرا، باپ مرا، انہیں بیوی اور نومولود بیٹے کو اکیلا چھوڑنا پڑا، ترپاٹھی کوٹھی بھی ہاتھ سے گئی، یہ تمام دکھ وہ اپنے اندر ہی پال رہے تھے جو لاوا بن چکا تھا اور پھٹنے کو تیار تھا۔

ایسے میں لازمی ہے کہ وہ اندر ہی اندر ایک نیا منصوبہ بنا رہے تھے۔

لیکن وہ اس بات سے بھی بے خبر تھے کہ شرد نےانہیں کیوں بچایا اور اس کا اصل ارادہ کیا تھا، اس کی باتوں سے جذباتی ہوکر قالین بھیا نے اس سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مرزا پور کا نیا کنگ ہوگا اور وعدہ پورا کر بھی دیا۔

آپ کو یاد ہوگا کہ ہم نے بتایا تھا کہ مادھوی یادو شرد کو اقبال جرم کا آخری موقع دیتی ہیں، لیکن وہ نہیں کرپاتا۔

مادھوری یادو، کو جب معلوم ہوتا ہے کہ شرد نے اس کے والد کو قتل کرنے کی سازش کی تھی تو دل شکستہ مادھوری شرد کو فون کرتی ہیں اور اسے اعتراف کرنے کا ایک آخری موقع دیتی ہے۔ تاہم، ان کے والد کے قتل کے بارے میں اعتراف کرنے کے بجائے، شرد انہیں بتاتا ہے کہ اس نے قالین بھیا کو اپنی رہائش گاہ پر پناہ دے رکھی ہے اور مادھوی قالین بھیا سے ملنے کا مطالبہ کرتی ہیں۔

آخری ایپی سوڈ میں قالین بھیا اور مادھوری کی ملاقات دکھائی جاتی ہے، جو ایک پہاڑ پر ملتے ہیں جہاں قالین بھیا ​​مرزا پور کی میراث کو شرد تک منتقل کرنے کے بارے میں اپنے منصوبوں کا انکشاف کرتے ہیں۔

مادھوری ان سے کہتی ہیں کہ وہ صبر کریں اور جیسا کہا ہے ویسا کریں، اور قالین بھیا بے بسی سے خاموشی کے ساتھ انہیں جاتے ہوئے دیکھتے ہیں۔

یعنی مادھوی انہیں شرد شکلا کو مارنے کا حکم دیتی ہیں، شرد کو کبھی پتہ نہیں چل پاتا کہ اس کے چچا نے اسے کیوں دھوکہ دیا، لیکن دیکھنے والوں کو نقطےجوڑنے میں وقت نہیں لگتا۔

اب آتے ہیں گڈو اور گولو کی طرف، سیزن 3 کے زیادہ تر حصے میں گڈو اور گولو الگ ہیں۔ گولو چھوٹے تیاگی کی گرفت سے آزاد ہوکر واپس مرزا پور پہنچتی ہیں تو پتا چلتا ہے گڈو جیل میں ہے۔

اس کے بعد گولو سابق وزیر جے پی یادو کے ساتھ مل کر گڈو کو جیل سے باہر نکلواتی ہیں۔

آخری ایپی سوڈ میں گولو کو دیکھ کر گڈو مایوس بھی نظر آتا ہے اور خوش بھی، دونوں کی آنکھیں ملتی ہیں، گلے ملتے ہیں اور پھر بوسہ دیتے ہیں۔ جو ثبوت ہے کہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

صرف یہی نہیں ہم آخری ایپی سوڈ کے آخری مناظر میں قالین بھیا کے وفادار رہ چکے ”مقبول“ کی واپسی بھی دیکھتے ہیں، جس نے ان کے والد کو قالین بھیا کی بیوی بینا کے ہاتھوں قتل کروایا تھا۔

یعنی کھیل ابھی ختم نہیں ہوا۔۔۔

Guddu Pandit

Mirzapur Season 3

Kaleen Bhayya

Sharad Shukla