Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

کراچی : مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب، حادثات میں ایک جاں بحق، ایک زخمی

شدید حبس اور گرمی کے بعد موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
اپ ڈیٹ 09 جولائ 2024 08:24pm

کراچی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جب کہ مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق، اور ایک زخمی ہوگیا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہے گا۔

شہر قائد میں شدید حبس اور گرمی کے بعد موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

شارع فیصل، اسٹیڈیم روڈ، گلشن اقبال اور ملیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے۔ اس کے علاوہ ڈیفنس، کلفٹن، صدر، ناظم آباد، قائدآباد، ، گلستان جوہر، کورنگی اور لانڈھی میں بھی برسات ہوئی۔ جب کہ نمائش چورنگی، صدر، لیاقت آباد، ایف بی ایریا میں بوندا باندی ہوئی۔

سرجانی سیکٹر سیون اے ٹنکی اسٹاپ کے قریب دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جب کہ گلشن معمار میں تیز ہواؤں کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔

عمارت کا ایک حصہ منہدم

کراچی میں تیز بارش اور ہوائیں چلنے کے بعد برنس روڈ پر قدیمی عمارت کی دوسری منزل کا حصہ گر گیا، عمارت کا ملبہ فٹ پاتھ پر گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ خستہ حال عمارت کو خطرناک قرار دیا گیا تھا۔

بارش کے بعد کچھ علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کے الیکٹرک کا نظام درہم برہم

کراچی میں بارش سے کے الیکٹرک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ کراچی میں بارش کے بعد کے الیکٹرک کے سیکڑوں فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے شہر کے مختلف علاقے اندھیرے میں ڈوبے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شہر میں 370 سے زائد فیڈرز اوردرجنوں پی ایم ٹیز بند ہیں، گھنٹوں بجلی بند ہونے سے شہری شدید پریشان میں مبتلہ ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے مشرقی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، کیونکہ برسات کا سسٹم مشرق کی جانب ہے۔

انھوں نے پیش گوئی کی کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہے گا۔

بارشوں سے نمٹنے کےلیے ایمرجنسی نافذ

ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے مطابق بارشوں سے درپیش مسائل سے نمٹنےکےلیےبلدیہ عظمیٰ کی تیاریاں مکمل ہیں۔ بارشوں سےنمٹنےکےلیےایمرجنسی نافذ کردی ہے، بلدیہ عظمیٰ کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈی واٹرننگ پمپ، مشینری سڑکوں اور انڈر پاسز پر پہنچا دی گئی ہے، ٹاؤنز چیئرمین کو بھی ہدایات دی ہیں کہ بارشوں میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا امکان

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے اضلاع میں آسمان پر بادلوں کا راج ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا امکان ہے، جن میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ پیر کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، اس لیے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 10 جولائی سے بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

’پنجاب بھر میں 10 سے 15 جولائی تک مون سون بارشیں ہوگی‘

ادھر پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 10 سے 15 جولائی تک مون سون بارشیں ہوگی، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی انتظامات مکمل کریں، نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے، عوام الناس سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

karachi

Met Office

Hot Weather

Karachi Rain

rainy weather

Rain prediction

KARACHI HOT WEATHER