Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سمندری طوفان ’بیرل‘ نے ٹیکساس میں قیامت مچا دی، 20 لاکھ افراد بجلی سے محروم، سیکڑوں پروازیں منسوخ

گھر پر درخت گرنے سے ایک شخص ہلاک
شائع 08 جولائ 2024 08:21pm

بحر اوقیانوس میں اٹھنے والا سمندری طوفان ”بیرل“ کئی جزائر پر تباہی مچانے کے بعد امریکی ریاست ٹیکساس پہنچ چکا ہے، طوفان کی شدت میں اضافے نے ہر طرف تباہی مچادی ہے۔

امریکا کے نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان کے زیر اثر ٹیکساس کے ساحلی علاقوں میں تباہ کن ہواؤں اور طوفانی سمندری لہروں کے ساتھ ساتھ 10 انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔

طوفان کے پیش نظر ٹیکساس کی بڑی بندرگاہوں میں سے کچھ کو بند کر دیا گیا ہے۔ حکام نے ساحلی علاقوں کے مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ طوفان کے دوران بڑے پیمانے پر بجلی کی کی فراہمی معطل ہو سکتی ہے۔

اور ایسا ہوا بھی ہے، طوفان کے باعث بجلی کی بندش سے 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں، ٹیکساس کے جنوب مشرقی حصے میں صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

طوفان کے باعث امریکی ہوائی اڈوں پر 1,775 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

فلائیٹ ویئر ڈاٹ کام کے مطابق ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکانٹینینٹل ہوائی اڈے پر سب سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں پیر تک 500 آؤٹ باؤنڈ منسوخیاں، 452 ان باؤنڈ منسوخیاں، اور 19 پروازوں میں تاخیر شامل ہے۔

ہیوسٹن کے دوسرے بڑے ہوائی اڈے ولیم پی ہوبی پر کل 223 منسوخیاں ہوئیں اور 11 تاخیر ہوئی۔

سب سے زیادہ پروازیں یونائیٹڈ ایئر لائنز کی 405 منسوخ ہوئیں۔

سمندری طوفان بیرل کی زد میں آکر ایک درخت گھر پر گرا جس سے ایک شخص کی موت ہوگئی۔

ہیرس کاؤنٹی کے شیرف ایڈ گونزالیز نے تصدیق کی کہ ایک 53 سالہ شخص اپنے خاندان کے ساتھ گھر میں سمندری طوفان سے پناہ لینے کے دوران ہلاک ہوا۔ مبینہ طور پر ایک بلوط کا درخت گھر کی چھت پر گرا۔

اس مہلک واقعے میں اس شخص کی بیوی اور بچے محفوظ رہے۔

Texas

power outage

Hurricane Beryl

Flights Cancled