Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کینیڈا سے چوری کیا گیا 400 کلو سونا کیسے غائب ہوا اور کہاں پہنچا؟ سنسنی خیز تفصیلات جاری

پولیس نے تین بھارتی نژاد سمیت نو افراد کو گرفتار بھی کیا ہے
شائع 08 جولائ 2024 06:42pm

گزشتہ سال کینیڈا میں تاریخ کی سب سے بڑی سونے کی چوری نے دنیا کو حیران کردیا، چوروں نے کچھ اس انداز میں سونے کی 6 ہزار 600 اینٹیں چوری کیں کہ اس پر ایک نیٹ فلکس سیریز بنا لی جائے، اس سونے کا کُل وزن 400 کلو گرام تھا اور قیمت 2 کروڑ 10 لاکھ کینیڈین ڈالر تھی۔ اس چوری کی تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے تین بھارتی نژاد سمیت نو افراد کو گرفتار بھی کیا ہے، کینیڈین پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چوری کیا گیا سونا بھارت اور دبئی سمگل کیا گیا ہوگا۔

گزشتہ سال ٹورنٹو کے پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 20 ملین ڈالر سے زائد مالیت کا سونا چوری ہوا تھا۔ سوئٹزرلینڈ سے سونے اور نقدی کی یہ کھیپ فلمی انداز میں ہوائی اڈے سے چوری کی گئی تھی۔ ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ملزمان میں تین ہندوستانی نژاد افراد بھی شامل ہیں۔

چوری شدہ کارگو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ سے نکلا تھا، جو خالص سونے کی 6,600 اینٹوں پر مشتمل تھا اور وزن 400 کلو گرام تھا۔

کینیڈین پولیس کا حالیہ بیان میں کہنا ہے کہ کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں ایک جیولری اسٹور میں چوری شدہ سونا پگھلایا گیا۔ پولیس نے کہا کہ وہ ابھی تک گمشدہ سونے اور اس کی فروخت سے حاصل ہونے والے منافع کی تلاش کر رہے ہیں۔

لیڈ تفتیش کار ڈیٹیکٹیو سارجنٹ مائیک ماویٹی نے پیل پولیس سروس بورڈ کی میٹنگ کے دوران بتایا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ چوری شدہ سونے ایک بڑا حصہ بیرون ملک ان بازاروں میں گیا ہے جو سونے سے بھری ہوئی ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ دبئی ہو سکتا ہے اور ہندوستان بھی، جہاں سیریل نمبروں والا سونا بھی لے کر پگھلا دیا جاتا ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ ایسا واقعے کے فوراً بعد کیا گیا‘۔

اس ڈکیتی کو ”پروجیکٹ 24 کیرٹ“ کا نام دیا گیا تھا، یہ واردات اپریل 2023 میں کی گئی تھی، اس میں ایک شخص شامل تھا جس نے ایئر کینیڈا کے کارگو ٹرمینل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ڈپلیکیٹ وے بل کا استعمال کیا اور تقریباً 20 ملین ڈالر مالیت کی سونے کی اینٹوں کا ایک پورا پیلیٹ چوری کیا۔

پولیس کا ماننا تھا کہ سونے کا غائب ہونا ”ریورس کیمسٹری“ کا معاملہ ہے، جس میں سونے کو بندوقوں میں تبدیل کیا گیا تھا، پولیس نے 65 سونے کی بندوقیں بھی ضبط کی تھیں۔

تفتیش کاروں نے واضح کیا ہے کہ مسی ساگا کے زیورات کی دکان میں صرف تھوڑی سی مقدار میں ہی سونا پگھلایا گیا تھا، جو ان کی پہلے دی گئی تجاویز سے متصادم ہے کہ تمام چوری شدہ سونا وہاں پگھلایا گیا تھا۔

پولیس اب بھی گمشدہ سونے اور اس کی فروخت سے حاصل ہونے والے کسی منافع کی تلاش کر رہی ہے، ان کے اگلے اقدامات بشمول مشتبہ افراد سے ضبط کیے گئے 40 سے زیادہ الیکٹرانک آلات کا تجزیہ کرنا اور بینکوں سے مالیاتی ریکارڈ حاصل کرنا ہے۔

تفتیش کاروں نے بھارت سے واپسی پر آرچت گروور نامی ملزم کو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا اور اس پر فرد جرم عائد کی، اس پر 5,000 ڈالر سے زیادہ کی چوری اور جرم کرنے کی سازش کا الزام لگایا گیا ہے۔

پیل پولیس گروور کو پرمپال سدھو کے دیرینہ دوست کے طور پر بیان کرتی ہے، جو کارگو ٹرمینل پر بھی کام کرتا تھا اور اسے بھی اسی طرح کے الزامات کا سامنا ہے۔

گروور ڈکیتی میں استعمال ہونے والے ٹرک کا مالک تھا اور اس نے ڈورانٹے کنگ میکلین نامی شخص کو ملازم رکھا تھا، جس نے مبینہ طور پر ٹرک چلایا تھا، اسے چوری کے الزامات کا سامنا ہے۔

 چوری میں ملوث نو افراد، واردات میں استعمال کیا گیا ٹرک اور پگھلا ہوا سونا
چوری میں ملوث نو افراد، واردات میں استعمال کیا گیا ٹرک اور پگھلا ہوا سونا

مزید برآں، گروور کے کزن امیت جلوٹا پر مسروقہ جائیداد ، چوری اور سازش کا الزام لگایا گیا ہے۔ مبینہ طور پر اس نے ارسلان چوہدری کے ساتھ مل کر سونا ہینڈل کیا تھا، اس پر بھی ایسے ہی الزامات ہیں۔

مسی ساگا کے ایک جیولری اسٹور کے مالک علی رضا پر الزام ہے کہ انہوں نے کم مقدار میں سونا پگھلانے میں سہولت فراہم کی۔

پرساد پارمالنگم اور عماد چودھری، جنہیں سازو سامان کی فراہمی کے الزامات کا سامنا ہے، انہوں نے مبینہ طور پر کنگ میکلین کو امریکہ میں داخل ہونے میں مدد کی اور وہاں اسے مدد فراہم کی۔

تحقیقات، جسے ”پروجیکٹ 24 کیرٹ“ کا نام دیا گیا ہے، اس پر اب تک 5.3 ملین ڈالر لاگت آچکی ہے، جبکہ حتمی لاگت 10 ملین ڈالر ہے۔ اس میں شامل 20 افسران نے 28,000 ریگولر اوقات اور 9,500 اوور ٹائم گھنٹے لاگ ان کیے ہیں۔

Canada Gold Heist

Pearson International Airport