Aaj News

جمعرات, نومبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Awwal 1446  

نپولین کے دو پستول 17 لاکھ یورو میں نیلام

ملک سے باہر لے جانے پر پابندی، ان دونوں پستولوں کے ذریعے فرانسیسی شہنشاہ نے خود کشی کا سوچا تھا۔
شائع 08 جولائ 2024 12:07pm

فرانس کے سابق شہنشاہ اور عظیم جرنیل نپولین بونا پارٹ کے 2 پستول 17 لاکھ یورو میں نیلام ہوئے ہیں۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 51 کروڑ 17 لاکھ روپے بنتی ہے۔

جنوبی پیرس میں فونٹین بلو نامی نیلام کے منتظمین نے بتایا کہ دونوں پستول نیلام تو ہوگئے ہیں تاہم حکومت اس بات پر زور دے رہی ہے کہ قومی خزانے کے حصے کے طور پر یہ پستول ملک ہی میں رہنے چاہئیں۔

یاد رہے کہ فرانسیسی حکومت نے نپولین کے اِن پستولوں کو اس کے زیرِ استعمال رہنے والی دوسری بہت سی اشیا کے ساتھ قومی خزانے کا درجہ دے رکھا ہے۔

یہ پستول سونے اور چاندی سے آراستہ ہیں اور ان پر نپولین کی تصویر بھی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نپولین نے 1814 میں اِنہی ہتھیاروں کے ذریعے خود کشی کے بارے میں سوچا تھا۔

آکشن ہاؤس نے نیلامی میں دونوں پستول خریدنے والے کا نام نہیں بتایا۔ نیلامی سے قبل فرانسیسی وزارتِ ثقافت کے دی نیشنل ٹریژرز کمیشن نے ان دونوں پستولوں کو قومی خزانے سے تعبیر کیا تھا۔ اِنہیں ملک سے باہر لے جانے پر پابندی عائد ہے۔ یہ بات ہفتے کو فرانسیسی حکومت کے جرنل میں بیان کی گئی۔

برآمد پر پابندی کے سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد 30 دن کے اندر فرانسیسی حکومت اِسے خریدنے کی پیشکش کرسکتی ہے۔ خریدار یہ پیشکش مسترد کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

قومی خزانے کا درجہ پانے والی اشیا فرانس سے باہر لے جائی تو جاسکتی ہیں تاہم تھوڑی مدت کے لیے اور اُن کی واپسی بھی ناگزیر ہوتی ہے۔

NAPOLEN PISTOLS

ATTTEMPTED SUICIDE

1.7 MILLION EUROS