Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں زکوٰۃ و عشر کمیٹی گلبرگ ٹاؤن کے چیئرمین کی ٹارگٹ کلنگ

عبدالقیوم کو انڈا موڑ کے نزدیک ٹارگٹ کیا گیا، ملزمان نے قریب سے دو گولیاں ماریں، لوٹ مار نہیں کی، پولیس
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2024 12:57pm

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے گلبرگ ٹاؤن کی زکوٰۃ و عشر کمیٹی کے چیئرمین عبدالقیوم جاں بحق ہوگئے۔ انہیں ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق نارتھ کراچی میں انڈا موڑ کے نزدیک ملزمان نے فائرنگ کی۔ اس موقع پر لوٹ مار نہیں کی گئی۔ قریب سے دو گولیاں ماری گئیں۔

پولیس کے مطابق مقتول عبدالقیوم کی جیب سے وزیٹنگ کارڈ ملا ہے جس کے مطابق عبدالقیوم کا تعلق سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے فنانس ڈپارٹمنٹ سے تھا۔

پولیس نے بتایا کہ جائے وقوع سے شواہد جمع کیے جارہے ہیں۔ جائے وقوع کے اطراف سے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔ دریں اثنا عبدالقیوم کا جسدِ خاکی پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کراچی میں فائرنگ، چوہدری اسلم کے قریبی سی ٹی ڈی اعلیٰ افسر جاں بحق، عینی شاہد کا بیان سامنے آگیا

واضح رہے کہ محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) کے افسر ڈی ایس پی علی رضا کو قتل کیا۔

علی رضا بہادر پولیس افسر چوہدری اسلم شہید کے قریبی ساتھی تھے، لیاری گینگ وار سمیت دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں حصہ لے چکے تھے جب کہ سی ٹی ڈی سمیت مختلف تھانوں کے ایس ایچ او بھی تعینات رہ چکے تھے۔

Target Killing

ABDUL QAYYUM

CHAIRMAN ZAKAT COMMITTEE GULBERG TOWN

KILLING AT ANDA MOR