Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاق بلوچستان سے مل کرصوبے کے 28 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گا، وزیراعظم

بجلی کابل ادا نہ ہونے پر گزشتہ 10 سال میں وفاق کے 500 ارب ضائع ہوئے، شہباز شریف
شائع 08 جولائ 2024 03:42pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، منصوبوں کو 3 ماہ میں پائے تکمیل تک پہنچائیں گے، وفاق بلوچستان کے ساتھ مل کر 28 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گا۔

کوئٹہ میں بلوچستان کسان پیکج معاہدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبوں کو 3 ماہ میں پائے تکمیل تک پہنچائیں گے، بجلی کابل ادا نہ ہونے پر گزشتہ 10 سال میں وفاق کے 500 ارب ضائع ہوئے۔

شہبازشریف نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر اس معاہدے کو مکمل کریں گے، بجلی فیڈر سے آتی ہے ہم شمسی توانائی پر لے کرجارہے ہیں، وفاق بلوچستان کے ساتھ مل کر 28 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گا، منصوبے پر 55 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

بعد ازاں کوئٹہ میں کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر پہلی بار کوئٹہ آیا ہوں، ٹیوب ویلز کے شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے کسان خوشحال ہوگا، معاہدے کے تحت 28 ہزار کسان مستفید ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے سے کسانوں کو سستی بجلی ملے گی، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ 3 ماہ میں منصوبہ مکمل کریں گے، کسانوں کی فلاح کے لیے کام کررہے ہیں، بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، منصوبے سے 80 سے 90 ارب روپے ضائع ہونے سے بچ جائیں گے، بلوچستان کی ترقی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم کوئٹہ پہنچ گئے

اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے ہیں جہاں انہوں نے وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان ہونے والے کسان پیکج کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل اور وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعظؓم شہبازشریف کا استقبال کیا۔

بعد ازاں کوئٹہ میں وزیراعظم شہباز شریف نےگورنر بلوچستان کی ملاقات کی، گورنر بلوچستان نے ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم سے اظہار تشکر کیا، گورنر بلوچستان نے وزیر اعظم کو صوبے کےانتظامی امور، امن و امان پر آگاہ کیا۔

اس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی، ملاقات میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

سرکاری ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم وفاقی اور بلوچستان حکومتوں کی طرف سے بلوچستان کے کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک بڑے پیکج کا اعلان کریں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی گفتگو کریں گے، وہ بلوچستان کے ارکان صوبائی اسمبلی سے بھی ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کا ایک روزہ دورہ کیا تھا۔

بلوچستان

quetta

PM Shehbaz Sharif

quetta visit

shehbaz sharif visit quetta