Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان نے انگلینڈ کو ہرا کر مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرلی

پاکستان کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ چیمپئنز کی ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی
شائع 08 جولائ 2024 08:40am

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو 79 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹ لی۔

انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 10 ویں میچ میں انگلینڈ چیمپئنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلینڈ کی دعوت پر پاکستان چیمپئنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

پاکستان چیمپئینز کے صہیب مقصود 64 اور شعیب ملک نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ مصباح الحق نے 23 اور عبدالرزاق نے 20 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی جانب سے اسٹیورٹ میکر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: ناقابل شکست پاکستان چیمپئنز نے بھارت کو بھی ہرادیا

پاکستان کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ چیمپئنز کی ٹیم 18 ویں اوورز میں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

کیون پیٹرسن کی اننگز 4 رنز تک محدود رہی، فل مسٹرڈ نے 30 رنز بنائے، ایان بیل 11 اور علی براؤن نے بھی 11 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ انگلینڈ چیمپئینز کے 7 بیٹرز ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان چیمپئینز کی جانب سے سعید اجمل نے 3 وکٹیں حاصل کی جبکہ عبدالرزاق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ شعیب ملک، عامر یامین اور سہیل خان نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یوں پاکستان چیمپئنز نے انگلینڈ چیمپئنز کو 79 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹ لی۔

شعیب ملک کو شاندار نصف سنچری اور ایک وکٹ حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں گرین شرٹس اب تک ناقابل شکست ہیں اور یہ پاکستان کی مسلسل چوتھی فتح ہے، پاکستان چیمپئینز کا کل جنوبی افریقا چیمپئنز سے میچ ہو گا، اس نے پہلے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور بھارت کو شکست دی تھی۔

t20 cricket

world championship of legends

pak champions vs eng champions