Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کی میجر جنرل کے عہدے پر پہنچنے والے پاکستان فوج کے پہلے مسیحی کمانڈو کو مبارکباد

مسیحی برادری کی پاکستان کی تعمیر و ترقی و دفاع کیلئے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، وزیراعظم
شائع 07 جولائ 2024 11:49pm

وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاک فوج کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افسر جولئین معظم جیمز کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی پانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

پاکستان آرمی کے افسر جولین معظم جیمز سپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کے پہلے کمانڈو اور تیسرے مسیحی ہیں جنھوں نے میجر جنرل کے عہدے تک ترقی پائی ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی صدارت میں جمعے کو ہونے والے آرمی سیلیکشن بورڈ کے اجلاس نے 22 بریگیڈیئرز کی میجر جنرل کے عہدوں پر ترقی کا فیصلہ کیا تھا۔

میجر جنرل جولین معظم جیمز کے بڑے بھائی فرخ جیمز بھی فوج سے وابستہ رہے ہیں، جو اب میجر عہدے سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پیغام کے مطابق شہباز شریف نے میجر جنرل جولیئن معظم جیمز مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری کی پاکستان کی تعمیر و ترقی و دفاع کیلئے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میجر جنرل جولئین معظم جیمز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور ان کی محنت ولگن نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔

صوبہ پنجاب کے ضلع نارووال میں پیدا ہونے والے میجر جنرل جولین معظم جیمز نے ایئر ڈیفنس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کرنے کے بعد پاکستان فوج کی خصوصی فورس ایس ایس جی میں شمولیت اختیار کی, ان کا تعلق 92 لانگ کورس سے ہے۔

وہ ایس ایس جی برگیڈ تربیلا اور ایئر ڈیفنس برگیڈ سرگودھا کی کمان کرنے کے علاوہ تین سال نائجیریا میں ڈیفنس اتاشی کے طور فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے ایئر ڈیفنس سٹاف کورس، اینٹیلجنس سٹاف کورس، پاکستان سٹاف کورس، نیشنل سکیورٹی وار کورس کر رکھے ہیں۔

میجر جنرل جولین معظم سے قبل پاکستان آرمی میں جنرل کے رینک تک پہنچنے والے مسیحی افسران میں میجر جنرل نوئل اسرائیل کھوکھر اور میجر جنرل جولین پیٹر شامل ہیں، جو اس وقت اپنے عہدوں سے سبکدوش ہو چکے ہیں۔

جنرل یا اس کے مساوی عہدے تک پہنچنے والے چھ مسیحی افسران میں ایئر وائس مارشل ایرک جی ہال (ستارہ جرآت اور ستارہ بسالت)، ایئر وائس مارشل مائیکل جان اوبرائن (تمغہ جرآت اور ستارہ بسالت)، ایئر ایڈمیرل نارمن من گون) ستارہ بسالت اور ستارہ امیتاز ملٹری)، میجر جنرل (مرحوم) پیٹر جولین، میجرجنرل نوئیل اسرائیل کھوکھر اور میجر جنرل جولین معظم جیمز شامل ہیں۔

پاکستان آرمی میں جنرل کے رینک تک پہنچنے والے مزید ایک افسر میجر جنرل کازید مانک سپاری والا کا تعلق پارسی مذہب سے تھا-

pakistan army

Makor General Julian Moazzam James