Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چینی ملازمین اپنے مالکان اور ساتھیوں کو آن لائن فروخت کیوں کر رہے ہیں؟

نوجوان پیشہ ور افراد نے اپنی ملازمتوں کے تناؤ سے نمٹنے کے لیے منفرد طریقہ اپنایا
شائع 07 جولائ 2024 08:01pm

یہ بات بتانے کی ضرورت ہی نہیں کہ تمام ہی ملازمتوں میں کسی نہ کسی سطح کا تناؤ شامل ہوتا ہے۔ تاہم، اگر کام کی جگہ پر ماحول ناخوشگوار ہو اور باس غیر معاون اور بے حس ہو تو ملازمین اضافی تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔

اس طرح کا غیر منصفانہ کام کا ماحول منفیت، ڈپریشن، اور تنازعات کی افزائش کا باعث بن سکتا ہے۔

اور جب چین میں ایسا ہونا معمول بن گیا تو نوجوان پیشہ ور افراد نے اپنی ملازمتوں کے تناؤ سے نمٹنے کے لیے منفرد طریقہ اپنایا۔

چین میں ایک نیا ٹرینڈ وائرل ہورہا ہے، جہاں ملازمین اپنے مالکان، ساتھیوں اور ملازمتوں کو سیکنڈ ہینڈ ای کامرس پلیٹ فارمز پر فروخت کے لیے لسٹ کررہے ہیں۔

”ژیانیو“ (Xianyu)، ای کامرس پلیٹ فارم ”علی بابا“ کا سیکنڈ ہینڈ پلیٹ فارم ہے، جہاں بہت سے لوگ اپنی ملازمتوں اور ساتھیوں کو کام کا دباؤ کم کرنے اور ’’کام کی بدبو‘‘ کو دور کرنے کے طریقے کے طور پر بیچ رہے ہیں۔

باس کی توند کا مذاق اُڑانے پر خاتون کو کیا سزا دی گئی؟

چین میں ’’کام کی بو‘‘ سے مراد دن بھر کے کام کے بعد ذہنی اور جسمانی تھکن کا احساس ہے۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق ، ویب سائٹ پر موجود کچھ فہرستوں میں بہت سے ’’پریشان کرنے والے مالکان‘‘، ’’خوفناک نوکریاں‘‘، اور ’’نفرت کرنے والے ساتھی‘‘ موجود ہیں، جو 12 سے 24 لاکھ پاکستانی روپے کی قیمت میں فروخت کے لیے موجود ہیں۔

ایک صارف، جنہوں نے اپنی نوکری 3 لاکھ روپے میں لسٹ کی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا ہے یہ نوکری ایک لاکھ روپے ماہانہ ادا کرتی ہے اور خریدار تین ماہ کے اندر اپنی سرمایہ کاری دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

ایک اور شخص نے لکھا، ’ایک ساتھی جو طنز کرنے میں بہت اچھا ہے 3,999 یوآن (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) میں دستیاب ہے، میں آپ کو سکھا سکتا ہوں کہ اس ساتھی سے کیسے نمٹا جائے اور کام پر قربانی کا بکرا بننے سے بچنے کے لیے 10 تجاویز پیش کیں۔‘

ایک تیسرے پروفیشنل نے اپنے ”خوفناک باس“ کو 500 یوآن (تقریباً 19 ہزارپاکستانی روپے) میں لسٹ کیا، اور دعویٰ کیا کہ ان کی شخصیتیں آپس میں ٹکراتی ہیں اور باس اکثر اس پر تنقید کرتا ہے، جس کی وجہ سے کافی ذہنی تناؤ ہوتا ہے۔

بدترین باسز کی 5 اقسام اور ان سے نمٹنے کے طریقے

کیونکہ یہ سب ایک مذاق کے طور پر کیا جاتا ہے، اس لئے فروخت کنندگان اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ اشتہارات حقیقی نقد لین دین کا باعث نہ ہوں۔ اگر کوئی ”پروڈکٹ“ خریدتا ہے تو بیچنے والا عموماً لین دین کے فوراً بعد ڈیل کو منسوخ کر دیتا ہے یا خریداری کی کوشش سے صاف انکار کر دیتا ہے۔

ایک گمنام بیچنے والے نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو بتایا، ’کسی نے پہلے ادائیگی کی تھی، لیکن میں نے انہیں رقم کی واپسی کی پیشکش کرنے کے لیے درخواست دی، اور میں نے اس کے بعد لسٹنگ کو حذف کر دیا۔ یہ صرف اپنی بحراس کو نکالنے کا میرا طریقہ ہے، اصل میں کسی کو خریدنا یا بیچنا نہیں۔ میں نے بہت سے لوگوں کو ژیانیو پر اپنی ملازمتیں بیچتے ہوئے دیکھا، اور میں نے سوچا کہ یہ دلچسپ ہے، اس لیے میں بھی اسے آزمانا چاہتا تھا۔‘

Alibaba

Xianyu

Chinese Employees

Boss For Sale