Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا آج 25 واں یوم شہادت، پاک فوج کا خراج عقیدت

لالک جان شہید کی لازوال قربانی اور جوانمردی سپاہیوں کے لیے مشعل راہ ہے، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 07 جولائ 2024 12:45pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کا 25 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، پاک فوج نے حوالدار لالک جان شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

حوالدار لالک جان شہید کا یومِ شہادت عقیدت و احترام سے آج منایا جا رہا ہے، حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے 25 ویں یومِ شہادت کے موقع پر ملک بھر کی مساجد میں قران خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

علماء نے شہید کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا، علماء کا کہنا ہے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں، شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں، شہید حوالدار لالک جان دھرتی کا بہادر بیٹا تھا۔

پاک فوج کا خراج عقیدت

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے شہید حوالدار لالک جان شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

پاک فوج حوالدار لالک جان شہید کو عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، 25 برس قبل حوالدار لالک جان نے بے مثال جرات و بہادری سے جنگ کارگل میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لالک جان شہید کی لازوال قربانی اور جوانمردی سپاہیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز مادر وطن کے دفاع کے لیے جان کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والوں کو عطا کیا جاتا ہے، قوم مادر وطن کے دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

حوالدار لالک جان ایک بہادر سپاہی

حوالدار لالک جان (شہید) نشانِ حیدر 1967ء میں آبائی گاؤں غذر یاسین گلگت میں پیدا ہوئے، وادی غذر جِسے وادی شہداء بھی کہا جاتا ہے، لالک جان 12 این ایل آئی کے ایک بے باک نڈر اور بہادر سپاہی کے طور پر اُبھر کر سامنے آئے۔

مئی 1999ء میں حوالدار لالک جان نے اگلے مورچوں پر لڑائی لڑنے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں اور ایک انتہائی مشکل اور دشوار گزار پہاڑی چوکی پر دُشمن سے نبرد آزما ہونے کیلئے کمر باندھ لی، قادر پوسٹ آج بھی نازاں ہے کہ اُسے لالک جان جیسا نِڈر محافظ مِلا۔

12جون 1999ء کو لالک جان نے دُشمن کی پیٹرول پر اچانک ایسا زبردست حملہ کیا کہ دُشمن اپنی لاشیں چھوڑ کر پسپا ہونے پر مجبور ہو گیا، جون 1999ء کے آخری ہفتے میں ایک رات کو دُشمن کی بھاری نفری نے حوالدار لالک جان کی چوکی پر حملہ کیا، حملے کے دوران حوالدار لالک جان اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مختلف پوزیشنوں سے دُشمن پر فائر کرتے رہے اور ہر مورچے میں جا کر جوانوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے، رات بھر جاری رہنے والے حملے کو لالک جان اور اس کے ساتھیوں نے ناکام بنا دیا اور صبح نامراد دُشمن لاشوں کے انبار چھوڑ کر پسپا ہو گیا۔

حوالدار لالک جان شہید کا 24واں یوم شہادت

حملے کی دوسری رات مزید کمک حاصل کرنے کے بعد دُشمن نے ایک بار پھر مختلف اطراف سے حملہ کیا لیکن حوالدار لالک جان اینڈ کمپنی نے اس رات بھی بے باکی اور جرأت مندی کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے یہ حملہ بھی ناکام بنا دیا اور دُشمن کو بھاری جانی نقصان اُٹھانا پڑا۔

7 جولائی کو حوالدار لالک جان دشمن کے توپخانے کے بھاری فائر اور تین اطراف سے حملے کے دوران شدید زخمی ہوگئے، کمپنی کمانڈر نے انہیں پیچھے جا کر علاج کرانے کا کہا، مگر لالک جان نے کہا کہ ”میں کسی اسپتال کے بستر کے بجائے میدانِ جنگ میں جان دینے کو ترجیح دوں گا“، انہوں نے زخمی حالت میں بھی بھاری فائر کے دوران دُشمن کے بنکر میں بارود پھنک کر اسے ایمونیشن سمیت تباہ کردیا، جس سے دُشمن کے درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے۔

دوسری سمت سے دُشمن کے فائر کی زَد میں آکر بالآخر لالک جان نے اپنی جان، جانِ آفرین کے سپرد کی اور جام شہادت نوش کرکے اَمر ہو گئے، ان کی بے مثال جرات اور لازوال قربانی کے اعتراف میں انہیں نشانِ حیدر کا اعزاز عطا کیا گیا، قادر پوسٹ کے زبردست دِفاع کا اعتراف دُشمن نے ان الفاظ میں کیا ”کسی بھی سپاہی نے اپنی پوسٹ نہ چھوڑی، یہ دِفاعی جنگ بہادری کی اعلیٰ مثال ہے کہ جو آخری سپاہی اور آخری گولی تک لڑی گئی“۔

rawalpindi

ISPR

Martyrs of Pakistan Army

Havaldar Lalak Jan