Aaj News

ہفتہ, اکتوبر 05, 2024  
01 Rabi Al-Akhar 1446  

آج اربوں پتی سرمایہ کاروں کا اکٹھ تھا، پرانی ٹیپ چلائی گئی، عطا تارڑ کا عوام پاکستان پارٹی پر رد عمل

تضادات سے بھرپور تقریریں دیکھنے کو ملیں، وفاقی وزیر اطلاعات
شائع 06 جولائ 2024 07:19pm
فوٹو۔۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔۔فائل

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے ”عوام پاکستان“ پارٹی کے قیام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج اربوں پتی سرمایہ کاروں کا اکٹھ تھا، پرانی ٹیپ چلائی گئی۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم [شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے نئی جماعت ”عوام پاکستان“ پارٹی لانچ کردی][1]۔ اس موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں موجود لوگ الیکشن ہارے ہوئے ہیں، حکمرانوں کو کسی چیز کی پرواہ نہیں ہے، دودھ پر بھی ٹیکس لگا دیا گیا۔ ”عوام پاکستان پارٹی“ روایتی جماعت نہیں، ایک سوچ ہے۔

عطا تارڑ نے عوام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اقتدار کے مزے لینے والوں نے پرانی ٹیپ چلائی۔ آج تضادات سے بھرپور تقریریں دیکھنے کو ملیں۔

شاہد خاقان عباسی کا نام لیے بغیر وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کا سوال ہے کہ جب ملک کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان تھے تب آپ کیوں خاموش تھے۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر پیٹرولیم اور وزیر خزانہ رہنے والے آج کئے گئے اعلانات پر اقتدار کے عہدوں پر رہتے ہوئے عمل کیوں نہ کر سکے۔ جن لوگوں میں وفا جیسی صفت نہ ہو، وہ اقدار کی سیاست کیا کریں گے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک جانب کہتے ہیں کہ اقتدار ہماری منزل نہیں اور ساتھ ہی اپنے آپ کو مسیحا بھی قرار دیتے ہیں ۔ ن لیگ جب جب اقتدار میں آئی اس نے عوام کے معیار زندگی اور ملکی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیراعظم اور ان کی کابینہ دن رات پاکستان کو معاشی میدان میں ابھرتا ہوا ملک بنانے کے لئے اپناحصہ ڈال رہےہیں۔ [1]: https://www.aaj.tv/news/30396206/

Shahid Khaqan Abbasi

Miftah Ismail

Attaullah Tarar

Awam Pakistan Party