Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’مل کر کام کرنے کے منتظر‘، شہباز شریف اور صدر مملکت کی نو منتخب ایرانی صدر کو مبارکباد

مریم نواز نے بھی نو منتخب ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا
شائع 06 جولائ 2024 05:50pm

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

ہفتہ کو ”ایکس“ پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میرے بھائی ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد ہو۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے منتخب صدر ڈاکٹر پزشکیان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور تاریخی تعلقات ہیں، ہمیں باہمی فائدہ مند تعاون کے ذریعے اپنے دونوں عوام کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا چاہیے۔

خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسعود پزشکیان کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں پاک ایرن تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔

صدر پاکستان نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہ آپ کی قیادت میں پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہم خطے کے امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی مبارکباد

وزیراعلیٰ مریم نواز نے نو منتخب ایرانی صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نومنتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے عہدہ سنبھالنے سے پاک ایران تعلقات میں مزید گرم جوشی آئے گی۔

نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کون ہیں اور کیا ڈلیور کر پائیں گے؟

ان کا کہنا تھا کہ صدر مسعود پزشکیان سے پاکستان اور ایران کے سماجی اور تجارتی تعلقات بلندیوں تک لے جانے میں بھرپور کردار اداکرنے کی توقع ہے۔

Maryam Nawaz Sharif

PM Shehbaz Sharif

MASOOD PEZESKHYAN