Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کا 14 سالہ اقتدار ختم، لیبر پارٹی کامیاب، رشی سونک نے شکست تسلیم کرلی

رشی سُناک نے لیبر پارٹی کے قائد کیئر اسٹارمر کو مبارک باد کے پیغام اقتدار کی پُرامن تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا۔
شائع 05 جولائ 2024 10:31am
رشی سُناک اور کیئر اسٹارمر
رشی سُناک اور کیئر اسٹارمر

برطانیہ میں حکمراں جماعت کنزرویٹو کا 14 سالہ دور ختم ہوگیا۔ پولنگ مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پولز جاری کردیا گیا جس کے مطابق لیبرپارٹی 177 نشستوں کی برتری کے ساتھ کامیاب قرارپائی ہے۔ حتمی تجزیے میں لیبر پارٹی کو 326 نشستیں مل پائیں گی جبکہ کنزرویٹو پارٹی 136 سے زائد نشستیں نہیں لے سکے گی۔

لیبرپارٹی کے کیئر اسٹارمر وزیراعظم بنیں گے، لیبرپارٹی کو 177 سیٹوں کی اکثریت ملے گی جبکہ کنزریٹو پارٹی کو 141نشستیں ملیں گی۔

انتخابی شکست سے بھارتی نژاد برطانوی وزیراعظم کی کرسی ہلنے لگی

برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے پارلیمنٹ کی 650 نشتوں پر چار جولائی کو پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 سے رات 10 بجے تک جاری رہی۔ ووٹنگ 15 گھنٹے جاری رہی، برطانیہ بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا.

حتمی نتائج رات گیارہ بجے سے شروع ہوں گے اور صبح تک تمام نتائج مکمل ہو جائیں گے. ماضی کے ایگزٹ پولز بڑی حد تک درست ثابت ہوئے ہیں۔ نو جولائی کو نومنتخب اراکین حلف لیں گے اور اسپیکر کا انتخاب ہو گا۔

17 جولائی کو پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا، بادشاہ چارلس خطاب کریں گے۔ ٹوری پارٹی کو چودہ سال کے دوران بریگزٹ اور کرونا وائرس جیسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ پارٹی گیٹ اسکینڈل کے بعد کنزرویٹو پارٹی عوام کا اعتماد کھو بیٹھی تھی۔

برطانیہ : بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت کو شکست کا سامنا، لیبر پارٹی کا پلڑا بھاری

چودہ سالہ حکومت کے دوران مہنگائی میں اضافہ ہوا، روانڈا اسکیم جیسی متنازعہ اسکیمز متعارف ہوئیں۔ لیبر پارٹی نے روانڈا اسکیم ختم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے. کئیر اسٹارمر نے مہنگائی پر قابو، ملازمتوں میں اضافے اور جرائم پر کنٹرول کے وعدے کر رکھے ہیں۔

علاوہ ازیں برطانیہ کے عام انتخابات میں ممکنہ تاریخی کامیابی پر لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر نے کہا کہ لوگوں نے ووٹ دیا یا نہیں میں اپنے حلقے کے ہر فرد کی خدمت کروں گا۔

اپنی سیٹ جیتنے کے بعد کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہیں سے شروع ہوتی ہے، میں آپ کے لیے بولوں گا، ہر روز آپ کے لیے لڑوں گا، لوگ تبدیلی کے لیے تیار ہیں۔

اس موقع پر برطانوی وزیراعظم رشی سناک نے کہا کہ ہمیں برطانیہ کے مستقبل پر اعتماد ہونا چاہیئے، انتھک کوششوں کے باوجود ہار پر افسوس ہے، انتخابات میں شکست کی ذمے داری قبول کرتا ہوں۔

رشی سناک کا مزید کہنا تھا کہ لیبر پارٹی یہ الیکشن جیت چکی ہے، مبارکباد دیتا ہوں، اس شکست میں سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

برطانیہ کے بھارتی نژاد وزیرِ اعظم رشی سُناک نے ایک بیان میں کہا کہ لیبر پارٹی انتخابات جیت چکی ہے۔ شمالی انگلینڈ میں اپنی نشست جیتنے کے بعد رشی سُناک نے کہا کہ میں نے لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر کو فون کیا اور انہیں انتخابی فتح پر مبارک باد دی۔

رشی سُناک نے اپنے بیان میں کہا کہ آج اقتدار کی تبدیلی پُرامن طور پر اور بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ رو بہ عمل لائی جارہی ہے۔ فریقین میں سے کسی کے بھی دل میں بدگمانی نہیں۔ یہ ایسی کیفیت ہے جس کے ذریعے ہمیں ملک کے استحکام اور مستقبل کے حوالے سے اعتماد ملنا ہی چاہیے۔

british election