Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کئی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی

حبس کی کیفیت کسی حد تک برقرار ہے، ملک کے باقی حصوں میں گرمی کی لہر اب تک موجود ہے۔
اپ ڈیٹ 04 جولائ 2024 11:10am
علامتی تصویر
علامتی تصویر

جمعرات کی صبح کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ کئی علاقوں میں معمولی سی بوندا باندی ہوئی۔ شہری موسم کی کیفیت میں رونما ہونے والی خوش گوار تبدیلی سے خوب محظوظ ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز کہا تھا کہ آج (جمعرات) کو شہرِ قائد میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ گزشتہ رات دیر گئے تک گرمی کی شدت برقرار تھی۔

شہری جب جمعرات کی صبح کام پر جانے کے لیے گھروں سے نکلے تو یہ دیکھ کر انہیں خوش گوار حیرت ہوئی کہ مطلع ابر آلود ہے اور لگتا ہے کہ کسی بھی وقت بارش ہو جائے گی۔ چند علاقوں میں گھٹائیں ایسی گِھر کر آئی ہیں کہ پُھوہار پڑنے سے فضا میں خنکی سی پیدا ہوچلی ہے۔ ماہِ رواں کے دوسرے ہفتے میں ملک بھر میں مون سون کی بارشیں شروع ہونے کی توقع ہے۔ کراچی میں بھی موسلا دھار بارشیں خارج از امکان نہیں۔

ملک کے بیشتر حصوں میں موسم ملا جلا چل رہا ہے۔ کہیں بہت گرمی پڑ رہی ہے اور کہیں بارشیں ہو رہی ہیں۔ قصور اور اُس سے ملحق علاقوں کے علاوہ خیبر پختونخوا کے پنجاب سے متصل بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹا ہے۔

چاروں صوبوں میں مجموعی طور پر گرمی کا زور برقرار ہے۔ سبی، ژوب، کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر مقامات کے علاوہ سندھ میں نواب شاہ، لاڑکانہ، بدین اور دوسرے بہت سے شہروں میں گرمی کی لہر برقرار ہے۔

مون سون کی آمد آمد ہے۔ ایسے میں متعلقہ سرکاری ادارے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ چند برسوں کے دوران غیر معمولی بارشوں سے اربن فلڈنگ بھی ہوئی ہے۔ شہری علاقوں میں زیادہ بارشوں سے بہت سے علاقوں میں ہفتوں پانی کھڑا رہتا ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کو ایک طرف تو آمد و رفت میں مشکلات پیش آتی ہیں.

دوسری طرف بارش کے پانی سے پیدا ہونے والے کیچڑ کے باعث مختلف وبائیں بھی پُھوٹتی ہیں جس کے نتیجے میں صحتِ عامہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

PLEASANT WEATHER

RAIN EXPECTED

KARACHIITES FEEL RELIEVED