Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسروقہ موٹر سائیکل آن لائن فروخت کرنے والا گینگ گرفتار، واردات کا انوکھا طریقہ بے نقاب

گرفتار گینگ واردات کے لیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا
اپ ڈیٹ 02 جولائ 2024 04:58pm

کراچی میں موٹر سائیکل چوری کر کے آن لائن فروخت کرنے والا گینگ گلبہار پولیس نے پکڑ لیا۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار گینگ واردات کے لیے تین مرحلوں میں کام کرتا تھا۔ ملزمان کلیئر موٹر سائیکل کے کاغذات حاصل کرتے، اور پھر اس کے جعلی کاغذات تیار کرتے تھے۔

دوسرے مرحلے میں اس کمپنی کی موٹرسائیکل چوری کرتے جس کے کاغذات جعلی بیں۔

تیسرے مرحلے میں انجن، چیسس نمبر ٹیمپرڈ کرکے آن لائن فروخت کرتے تھے۔ پولیس نے کہا کہ ملزمان کا گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی سرگرم تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے کراچی کے سادہ لوح شہریوں کو درجنوں چوری شدہ موٹر سائیکل ٹیمپر کرنے کے بعد فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان کی شناخت بلاول، شاہ رخ اور رضوان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے کراچی کے مختلف علاقوں سے چوری کی ہوئی 8 عدد موٹر سائیکل اور 5 عدد چیسیز برآمد کروائے گئے ہیں۔

ملزم رضوان نے انکشاف کیا وہ موٹر سائیکل کے جعلی کاغذات بناتا تھا اور بعد ازاں آن لائن ویب سائٹ پر چوری شدہ موٹر سائیکل فروخت کرتا تھا، ملزم بلاول نے اعتراف کیا وہ موٹر سائیکل چوری کرنے میں ملوث ہے اور آن ڈیمانڈ موٹر سائیکل چوری کرتا تھا، جبکہ ملزم شاہ رخ موٹر سائیکل کے انجن چیسیز نمبر ٹیمپر کرنے کا ماہر ہے اور ٹیمپر کرنے کے 3 ہزار روپے لیتا ہے۔

Motor Cycle Theft

Stolen Motorcycle selling online