اقوام متحدہ کا اعتراض مسترد، حکومت نے عمران خان کی گرفتاری کو داخلی معاملہ قرار دے دیا
وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑنے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری اور زیرالتواء مقدمات کو پاکستان کا داخلی معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا۔
جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے صوابدیدی حراست سے متعلق ورکنگ گروپ نے عمران خان کی گرفتاری اور مقدمات کو بلاجواز قرار دیا ہے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیرتارڑ نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ پرردعمل میں کہا کہ خود مختارریاست کے طور پر پاکستان میں عدالتوں کے ذریعے آئین اور مروجہ قوانین پر عمل ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو ملکی آئین و قانون اورعالمی اصولوں کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں، وہ ایک سزایافتہ قیدی کے طور پر جیل میں ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملنا شفاف اور منصفانہ ٹرائل اورعدالتی نظام کا مظہر ہے ، آئین، قانون اور عالمی اصولوں سے ماورا کوئی بھی مطالبہ امتیازی، جانبدارانہ اور عدل کے منافی کہلائے گا۔
Comments are closed on this story.