Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام کا کے الیکٹرک آفس پر حملہ

مظاہرین نے لیاقت آباد میں کے الیکٹرک کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، مقدمہ درج
شائع 02 جولائ 2024 08:55am
فوٹو۔۔۔آج نیوز
فوٹو۔۔۔آج نیوز

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام تنگ آگئے، مشتعل افراد نے کے الیکٹرک آفس پر حملہ کردیا، کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

شہر قائد میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شہریوں کا میٹر گھوم گیا، لیاقت آباد ایف سی ایریا میں مشتعل افراد نے کے الیکٹرک آفس پر حملہ کرکے کھڑی گاڑیوں پر بھڑاس نکالی۔

کراچی کے علاقے شفیق موڑ کے قریب کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کے باعث مرکزی سڑک پر ٹریفک جام ہوگئی۔

کراچی میں بجلی بندش کیخلاف احتجاج، ٹائر نذر آتش، سڑک ٹریفک کیلئے بند

ترجمان کےالیکٹرک نے کہا کہ دفتر پر حملے اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کی مذمت کرتے ہیں۔

بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف عوام کو احتجاج کرنا مہنگا پڑ گیا

دوسری جانب کراچی میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف عوام کو احتجاج کرنا مہنگا پڑ گیا۔

لیاقت آباد ایف سی ایریا میں واقع کے الیکٹرک کے دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والے مشتعل مظاہرین کے خلاف کے الیکٹرک کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو پولیس نے کے الیکٹرک کی جانب سے مقدمہ درج کروانے پر گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ لیاقت آباد میں کےالیکٹرک کے دفتر کے باہر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تھا، مشتعل مظاہرین نے کےالیکٹرک کی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے تھے۔

پولیس کے مطابق مظاہرین کے خلاف کے الیکٹرک انتظامیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمے میں ہنگامہ آرائی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک نے رات میں بجلی کی فراہمی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

ایف سی ایریا کے مکینوں نے شریف آباد تھانے کے باہر مظاہرہ کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ مکین مقدمہ درج کروانے اور متعدد افراد کو حراست میں لینے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

karachi

K Electric

load shedding

Loadshedding

loadshedding against protest

Electricity Break down

liaqatabad