Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم دو روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے

شہباز شریف ایس سی او کونسل آف ہیڈزآف اسٹیٹ اور ایس سی او پلس کے 2 اجلاسوں میں شرکت کریں گے
اپ ڈیٹ 02 جولائ 2024 09:59pm

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف وفد کے ہمراہ تاجکستان کے دو روزہ دورے پر دوشنبہ پہنچ گئے ہیں۔

دوشنبہ ائیرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ، تاجک وزیر توانائی و آبی وسائل دلیر جمعہ، تاجک نائب وزیر خارجہ فرخ شریف زادہ، دوشنبہ کے مئیر جمشید تبر زادہ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور اور اعلیٰ سرکاری و سفارتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ائیرپورٹ پر تاجک ہم منصب قاہر رسول زادہ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم دوشنبے میں اسماعیل سامانی کی یادگار پر گئے اور پھولوں کا گلدستہ رکھا۔ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

وزیراعظم اپنے دورے میں تاجک قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم تاجکستان کے ساتھ قازقستان کا دورہ بھی کریں گے۔

وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کونسل آف ہیڈزآف اسٹیٹ اور ایس سی او پلس کے 2 اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم کا دورہ تاجکستان، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کا حصہ ہے۔

اس کے علاوہ فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوگی۔

دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

سربراہی اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی تاجک صدرکی نیوز کانفرنس

وزیراعظم شہبازشریف نے تاجک صدر کے ساتھ نیوز کانفرنس کی کہا کہ آج کی ملاقات ہمارے برادرانہ تعلقات کی نشانی ہے، ایسا لگتا ہے ایک گھر سے دوسرے گھر میں آئے۔

وزیراعظم ہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ آج ہم نے بہت سے ایم او یوز پر دستخط کیے ان ایم او یوز سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے بھائی چارے پر مبنی تعلقات کے فروغ کیلئے مزید کام کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ بذریعہ افغانستان تاجکستان سے تجارت تینوں ممالک کے مفاد میں ہے ہم تاجکستان سے سرمایہ کاری کیلئے پرامید ہے انھوں نے کہا کہ چین، تاجکستان، افغانستان ٹریڈ کوریڈور پروگرام پر کام ہورہا ہے کوریڈور سے ریل اور روڈ نیٹورک قائم ہوگا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تاجکستان اور پاکستان دونوں دہشتگردی سے متاثر ہوئے، دہشتگردی سے اربوں ڈالرز کا نقصان ہوا، ہزاروں پاکستانیوں نے دہشتگردی کے ناسور کو شکست دینے کیلئے قربانی دی، پولیس، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے قربانیاں دی۔ بدقسمتی سے اب یہ دہشتگردی دوبارہ سر اٹھارہی ہے آپ سے کہتا ہوں کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے ہم سے ہاتھ ملائیں۔

فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے 40 ہزار فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا، ماضی قریب کی تاریخ میں کبھی اتنا بڑا انسانی المیہ نہیں دیکھا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی جو ہورہا ہے پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔

foreign office

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

Tajikistan

PM Shehbaz Sharif

Tajikistan President