Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبر: پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بھاری ہتھیاروں سے حملہ، 2 اہلکار جاں بحق

چیک پوسٹ پر 10 منٹ تک شدت پسندوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا
شائع 01 جولائ 2024 01:32pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں تختہ بیگ چوکی پر دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے رات کی تاریکی میں حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مشترکہ ناکہ بندی پرموجود ایک پولیس اور ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔

ضلع خیبر میں تختہ بیگ چوکی پر دہشت گردوں کا راکٹ لانچرز اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

ڈی پی او خیبر سلیم عباس کلاچی نے بتایا کہ پولیس نے جوان مردی اور بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے حملے کو پسپا کر دیا، دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرا ہوگئے۔

ڈی پی او خیبر نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا پولیس نے بھاری ہتھیاروں سے جوابی فائرنگ کرکے دیا اور انہیں فرار ہونے پر مجبور کر دیا، چیک پوسٹ پر10منٹ تک شدت پسندوں اورپولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے دونوں چوکیوں تختہ بیگ اور نواب شاہ شہید چوکی سے بروقت کارروائی کرنے سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔

ڈی پی او خیبر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت ایک ایف سی کا جوان شہید ہو گئے ہیں۔

وزیرِاعظم کی خیبر میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے پر اہلکاروں کی پزیرائی

دوسری جانب وزیرِاعظم شہباز شریف نے خیبر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔

وزیرِاعظم نے شہید پولیس اہلکار اعجاز اور ایف سی اہلکار شہزاد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کی بلند درجات اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اداروں کی پاکستان کے امن کے لیے لازوال قربانیاں ہیں، پاکستانی قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے متحد ہے۔

وزیر داخلہ کا ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید ایف سی اہلکار شہزاد اور شہید پولیس اہلکار اعجاز نے اپنی جان دے کر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا، دونوں کی لازوال قربانی کو قوم یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے دونوں جوانوں کی بہادری پر ناز ہے، اتحاد اور اتفاق سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں، خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کے جری افسروں و جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، خیبرپختونخوا پولیس اور ایف سی کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی پولیس چوکی پر فائرنگ کی مذمت

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ضلع خیبر میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور واقعے میں ایک پولیس اور ایک ایف اہلکار کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔

علی امین گنڈا پور نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

peshawar

attack on police