Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کو امریکی حکومت کی مداخلت نہیں کہا جاسکتا، پی ٹی آئی قیادت

خواجہ آصف نے متضاد بیانات دیے، ہمیں دہشتگرد کہا جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، بیرسٹر گوہر
شائع 28 جون 2024 10:38pm
فوٹو۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔ فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ایوان نمائندگان کی قرارداد کو امریکی حکومت کی مداخلت نہیں کہا جاسکتا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ حکومت خوفزدہ ہے اس لئے قرار داد کو اچانک پیش کیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امریکی کانگریس کی قرارداد میں انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے اور صاف شفاف انتخابات کی بات کی گئی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ چودہ نکات پر مبنی قرار داد کو پڑھے بغیر حکومت نے قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی نظام میں اپوزیشن کا بڑا کردار ہوتا ہے، ایوان میں اپوزیشن سے نارواسلوک رکھا جارہا ہے۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ اسمبلی فلور پر خواجہ آصف نے متضاد بیانات دیے، ہمیں خواجہ آصف نے دہشتگرد کہا جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 300 سے زائد ارکان نمائندگان نے مطالبہ کیا، آخر انتخابات کی انکوائری کیوں نہ ہو، آپ نے جو قانون پاس کیا ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ حکومت الیکشن کی تحقیقات نہیں چاہتی۔

قومی اسمبلی نے الیکشن ترمیمی بل 2024 منظور کرلیا

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اچانک سے قرارداد پیش کی گئی، اپوزیشن کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت خوفزدہ ہے ڈر کے مارے اپوزیشن سے بات نہیں کی جاتی، اسپیکر کے رویہ کی مذمت کرتے ہیں۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Barrister Gohar Khan

US Congress Pakistan Election