Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

افغانستان میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کریں گے، وزیر دفاع

ان کے روابط طالبان کے ساتھ ہیں، یہی ٹی ٹی پی کو لے کر آئے تھے، خواجہ آصف کی اپوزیشن پر تنقید
شائع 28 جون 2024 07:42pm

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کریں گے۔ اس سے قبل امریکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں بھی وزیر دفاع نے کہا تھا کہ آپریشن عزم استحکام کے تحت سرحد پار موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

قومی اسمبلی میں اپنی تقریر میں خواجہ آصف نے مزید کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کےٹھکانوں کے شواہد موجود ہیں۔ ہم اپنے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

وزیردفاع نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے روابط طالبان کےساتھ ہیں، یہی ٹی ٹی پی کو لے کر آئے تھے۔

اس سے قبل امریکی خبررساں ادارے ”وائس آف امریکا“ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر دفاع نے کہا تھا کہ آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ جلد بازی میں نہیں ہوا، تاہم ملک میں ایسا سیاسی ماحول موجود ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے آگے حکومتی فیصلوں کو جگہ نہیں دینا چاہتیں۔

جماعت اسلامی نے بھی آپریشن عزم استحکام کو مسترد کردیا

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے جو بھی تحفظات ہیں انہیں دور کیا جائے گا اور حکومت اس معاملے کو اسمبلی میں بھی لے کر آئے گی، تاکہ اراکین کے سوالات اور تحفظات کا جواب دے کر انہیں اعتماد میں لیا جاسکے۔

کالعدم دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی گراؤنڈ موجود ہی نہیں جس کی بنیاد پر بات چیت کی جائے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے تمام آپریشن کامیاب ہوئے اور کسی قسم کی کوئی ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، اُس وقت بھی اور آج بھی افواج پاکستان سب سے بڑی اسٹیک ہولڈرز ہیں۔

پنجاب میں کالعدم تنظیموں کی موجودگی حقیقت ہے، میاں افتخار حسین

انہوں نے کہا کہ اُس وقت آپریشن کے بعد سویلین حکومتوں کو جس طرح سے کردار ادا کرنا چاہیے تھا اُس میں تمام حکومتیں ناکام رہی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم آپریشن عزم استحکام کو کامیاب بنانے کیلئے چاہتے ہیں کہ اپوزیشن اور تمام سیاسی جماعتوں سے بات کی جائے اور اس کے خدوخال سے اُن کو آگاہ کریں، کابینہ نے اس کی منظوری دے دی ہے، وہ چاہیں تو اسمبلی میں یا پھر آل پارٹیز کانفرنس میں اس حوالے سے بات کی جاسکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک میرا مشاہدہ ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اب تک کسی بھی اسٹیج پر آپریشن عزم استحکام کی مخالفت نہیں کی۔

آپریشن عزم استحکام کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ شاہد خاقان عباسی نے اہم سوالات اٹھا دئے

انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کی وجہ سے ہی آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس میں ٹی ٹی پی کی سرحد پار پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے، کیونکہ ملکی سالمیت سے بڑی کوئی چیز نہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کیونکہ وہاں سے پاکستان میں دہشت گردی ایکسپورٹ ہورہی ہے اور اُن کے سلیپر سیل کے چار ہزار وہ اراکین جو عمران خان کے حکم پر واپس لائے گئے وہ پاکستان میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔

Khawaja Asif

Operation Azm e Istehkam