Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ کا ضمنی بجٹ منظور، حکومت نے بجٹ سے زائد 273 ارب روپے خرچ کرڈالے

محکمہ پولیس نے مالی سال24-2023 کے مقررہ بجٹ سے 3 ارب 53 کروڑ زیادہ خرچ کیے
شائع 27 جون 2024 06:16pm

سندھ حکومت نے مالی سال 24-2023 کا ضمنی بجٹ اسمبلی میں پیش کردیا ہے، جسے کثر رائے سے منظور کرلیا گیا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ صوبائی حکومت نے مالی سال کے دوران منظور کردہ بجٹ سے 273 ارب روپے زائد فنڈز خرچ کیے۔

دستاویزات کے مطابق حکومت سندھ نے بجٹ سے زائد خرچ کی گئی رقم سے متعلق 55 مطالبات زر صوبائی ایوان میں پیش کیے۔

دستاویزات کے مطابق محکمہ پولیس نے مالی سال24-2023 کے مقررہ بجٹ سے 3 ارب 53 کروڑ زیادہ خرچ کردیے، محکمہ سروس سندھ نے 52 ارب زیادہ خرچ کیے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ ہاؤس نے 45 کروڑ اور محمکہ داخلہ نے 65 کروڑ روپے اضافی خرچ کیے جبکہ پنشن اور مراعات کی مد میں 55 ارب روپے اضافی خرچ کیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق محکمہ تعلیم نے 3 ارب، محکمہ ٹرانسپورٹ نے 35 ارب، محکمہ بلدیات نے 10 ارب، سبسڈی کی مد میں 22 ارب روپے اضافی خرچ کیے گئے۔

دستاویزات کے جائزہ سے پتا چلتا ہے کہ مالی سال 24۔2023 میں محمکہ اینٹی کرپشن، محکمہ زراعت نے مقررہ بجٹ سے ایک، ایک ہزارروپے زائدخرچ کیے جب کہ محکمہ منصوبہ بندی نے 4 ہزار اور محمکہ قانون نے سترہ ہزار روپے زائد خرچ کیے۔

Sindh Supplementary Budget