Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کا عدت کیس میں عدالتی فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

اس کیس میں کوئی پیچیدگی ہے ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی اور دیگر کی رہائی سے پہلے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی، عمر ایوب
اپ ڈیٹ 27 جون 2024 03:50pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں سزاؤں کو معطل کرنے کی درخواستیں مسترد ہونے اور 7، 7 سال سزا برقرار رکھنے کے عدالتی فیصلے پر پارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم ہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمرایوب نے کہا کہ ہم ہائیکورٹ میں فیصلے کو چیلنج کریں گے، اس کیس میں کوئی پیچیدگی ہے ہی نہیں، بانی پی ٹی آئی اور دیگر کی رہائی سے پہلے حکومت سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

عدت نکاح کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد، 7-7 سال قید کی سزا برقرار

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنےکا قانونی حق رکھتے ہیں، یہ ایک میاں، بیوی کے درمیان کا معاملہ ہے، اس معاملے کو سیاست کی نذر کیا گیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ کل فارم 47 کے مسٹر شہباز شریف، وہ وزیر اعظم نہیں ہیں، ان کو میں نے کل اسمبلی میں بر ملا کہا کہ جب تک میرے وزیر اعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی، بشریٰ بی بی، چوہدری اعجاز، میاں محمود الرشید، حسان نیازی، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، صنم جاوید، عالیہ حمزہ سمیت ہمارے تمام اسیر رہنماؤں کی رہائی اور ان پر عائد الزامات ختم کیے جانے تک کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔

عدالتی فیصلے سے انصاف کا قتل ہوا، شوذب

علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما کنول شوذب نے عدالتی فیصلے کو انصاف کا قتل قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک جعلی کیس میں ہمارے رہنما کو اندر کردیا گیا۔

عدت نکاح کیس: عمران خان، بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو تاریخ کے بدترین الیکشن جتوانے میں الیکشن کمیشن کامیاب ہوا، آزاد الیکشن 90 دن میں کروانے کیلئے عدالتوں میں جانا پڑا، ہم پر احسان جتلایا جاتا یہ کہ آپ کو الیکشن کی تاریخ دی۔

انہوں نے کہا کہ باپ پارٹی کو آزاد امیدواروں نے جوائن کیا، اس پارٹی کو شیڈول بھی ملا اور مخصوص نشست بھی دی گئی ۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)