Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ، پہلی بوند گرتے ہی بجلی بند، بل بورڈ گر گیا

بادل برسنےسےحبس میں کمی، موسم خوشگوار، گرومندر، ایم اے جناح روڈ، ایف بی ایریا، سرجانی، سپرہائی وے پر برسات، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا
اپ ڈیٹ 27 جون 2024 07:36pm

کراچی کے مختلف علاقوں گڈاپ ٹاؤن، سپر ہائی وے، ملیر اور بحریہ ٹاؤن میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار تو ہوگیا ہے، لیکن بارش کا پہلا قطرہ گرتے ہی شہر بھر میں فیڈرز ٹرپ کرگئے، جبکہ نارتھ کراچی کے ڈی اے شادمان ٹاؤن میں عمارت کی چھت پر لگا بل بورڈ گرگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کالے بادلوں کا راج ہے، ملیر، گلشن معمار سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی، اس کے علاوہ گلستان جوہر اور گلشان اقبال میں تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں 240 فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کے باعث نارتھ کراچی، شادمان، یوپی، اورنگی، گلستان جوہر، گڈاپ، پنجاب کالونی، کھارادر، ملیر، کھوکھراپار، ماڈل کالونی میں بھی بجلی بند ہوگئی۔

کراچی میں رین ایمرجنسی نافذ

محکمہ موسمیات کی شہر میں بارشوں کی پیشگوئی کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سےرین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبداللہ مراد نے متوقع بارشوں تک ڈیوٹی پرتعینات تمام عملےکی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے شہر کے مختلف انڈر پاسز اور شاہراہوں پر واٹر کارپوریشن کومشینری نصب کرنے کی ہدایات دے دی ہیں۔

ڈپٹی میئر نے کہا کہ اس وقت صورتحال کنٹرول میں ہیں، شہر کے کسی مقام پر بارش کا پانی نہیں کھڑا ہے، پیپلزپارٹی کے ٹاؤن چیئرمین بارشوں میں عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے۔

بارش کے سبب حادثات

دوسری جانب حسن اسکوائر پر مسافر بس پھسلن کے باعث فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی جس کے باعث ایک ٹریک پر ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی، مسافر بس نجی کمیونٹی کے زیر استعمال تھی، حادثے کے سبب غریب آباد سے اسٹیڈیم روڈ جانے والے روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کی بارش سے متعلق پیش گوئی

واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج دوپہر سے پہلے درجہ حرارت 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ محسوس کی جانے والی گرمی 47 ڈگری تھی۔

کراچی کے مضافات میں بارش سے محدود علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی ہے لیکن شہر میں مجموعی طور پر حبس زدہ ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی ہیٹ اسٹروک کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے، آج درجہ حرارت 40 ڈگری تک جائے گا، محسوس کی جانے والی گرمی 48 ڈگری ہوگی۔

کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

دوسری جابب محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی جبکہ ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم جبکہ بعض علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے گرمی سے تنگ کراچی کے شہریوں کو خوشخبری دے دی اور بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جمعرات اور جمعہ کو کہیں بوندا باندی، کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

عوام تیار رہیں! ملک بھر میں آج سے بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے بارش سے قبل آندھی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے، شہر میں اس دوران ہلکی سے لے کر معتدل شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ حب اور کراچی کے شمالی حصے میں بننے والے بادلوں کے باعث کراچی کے مضافات میں آندھی اور شہر کے دیگر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

گزشتہ روز بدھ کو بھی دوپہر کے وقت شہر کے علاقے سرجانی ٹاؤن، گڈاپ اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کےساتھ بوندا باندی ہوئی، اسی طرح ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں اور گہرے سیاہ بادل چھائے رہے۔

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد اور سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ بھکر 47، دادو، کوٹ ادو 46، خیرپور 45، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور،ڈیرہ اسماعیل خان44، اسلام آباد 43، مظفر آباد42، کراچی 40 ، کوئٹہ اور گلگت میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری طرف بحیرہ عرب سے بارش رسانے والا مون سون کا ایک سسٹم آج پنجاب میں داخل ہوگا جو شدید بارشوں کا باعث بنے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ آئندہ پانچ روز تک جاری رہے گا۔

اس حوالے سے متعلقہ محکموں کی طرف سے اربن فلڈ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر محکمہ بلدیات، واسا سمیت دیگر اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہےتاہم گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، پنجاب اور سندھ میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام اور رات آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، وزیرستان، چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، بالاکوٹ ، مانسہرہ، کوہستان، خیبر، پشاور، باجوڑ اور کرم میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

پنجاب صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم مری ،گلیات راولپنڈی ، جہلم، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، گجرنوالہ، گجرات، نارووال، سیالکوٹ ، لاہور اور ننکانہ صاحب، کوٹ ادو، رحیم یارخان ، بہاولپور ، بہاولنگر، لیہ اور ڈیراغازی خان میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 3 روز تک بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم خضدار، آواران ، لسبیلہ اور گر دو نواح میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔

سندھ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا تاہم گراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، مٹھی ، عمر کوٹ، تھر پارکر، سانگھڑ، میرپور خاص، بدین، پڈ عیدن، شہید بینظیر آباد، سکھر ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ پربارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

karachi

Met Office

Rain

Karachi Rain

rainy weather

Punjab rain

rainy days