Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

ریکوڈک مائننگ کمپنی اور انڈس اسپتال کا صحت کے حوالے سے اہم اقدام

ضلع چاغی میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کمیونٹی ہیلتھ اینڈ ایم سی ایچ سینٹر کا آغاز
شائع 26 جون 2024 05:25pm

ریکوڈک مائننگ کمپنی نے نوکنڈی میں صحت کے سہولیات کی فراہمی کے لیے انڈس اسپتال کی اشتراک سے کمیونٹی ہیلتھ اینڈ ایم سی ایچ سینٹر کا آغاز کردیا۔

ریکوڈک مائننگ کمپنی نے پریس ریلیز میں کہا ہے کہ آر ڈی ایم سی کی جانب سے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں انڈس ہیلتھ اور ہاسپٹل نیٹ ورک (آئی ایچ ایچ این) کے ساتھ کمیونٹی ہیلتھ اور ایم سی ایچ (مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ) سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سینٹر کے قیام سے اس علاقے میں صحت کی دیکھ بھال کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ یہ جدید ترین سہولت نوکنڈی اور آس پاس کے علاقوں کے رہائشیوں کے لیے صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرے گی۔ اس سہولت میں تین مشاورتی کلینکس، چار وارڈز کے ساتھ کل 13 بستروں کی گنجائش، ایک جنرل ٹرائی ایج ایریا، ایک او پی ڈی، چوبیس گھنٹے ایمرجنسی روم، گائناکالوجی سیکشن، ایک فارمیسی، ایک لیبارٹری، مریضوں کے انتظار کی جگہ، الٹراساؤنڈ اور ایکسرے روم، ایک کمیونٹی ہیلتھ ورکر روم اور ایک میٹنگ روم شامل ہیں۔

پریس ریلیز کے مطابق زچہ و بچہ کی صحت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے یہ صحت مرکز زچہ، نوزائیدہ اور بچے کی صحت (ایم این سی ایچ) کی خدمات بھی فراہم کرے گا جن میں قبل از پیدائش دیکھ بھال، بعد از پیدائش دیکھ بھال، دودھ پلانے کا انتظام، امراض نسواں کی تشخیص و علاج، بچوں اور نوجوانوں کی صحت کی خدمات شامل ہیں۔ اس اسپتال میں مقامی کمیونٹیز اب مفت ویکسینیشن، لیبارٹری اور فارمیسی خدمات تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں۔

ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، وزیراعظم

ریکوڈک مائننگ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ طبی مرکز چوبیس گھنٹے دیکھ بھال اور معاونت فراہم کرکے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنائے گا۔ اس سہولت میں چوبیس گھنٹے ایمرجنسی خدمات ہوں گی جن میں مرد اور خواتین ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ پیرامیڈیکل عملہ ہمہ وقت موجود ہوگا۔ ایک آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) عمومی بیماریوں میں مبتلا افراد کی خدمت کرے گا اور آگاہی و کمیونٹی ہیلتھ ورکر سپورٹ کے ذریعے حفاظتی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرے گا۔ یہ طبی مرکز مریضوں کو نازک حالت میں دیگر اسپتالوں تک پہنچانے کیلئے ایمبولینس بھی فراہم کرےگا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اس طبی مرکز میں اگست میں جدید ترین ریڈیالوجیکل خدمات، بشمول ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ سہولیات کا آغاز کردیا جائے گا۔ اس مرکز سے تقریباً 30,000 رہائشیوں کی آبادی والے نوکنڈی ٹاؤن سمیت قریبی دیہاتوں کے لوگ بھی مستفید ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کمیونٹی ہیلتھ اور ایم سی ایچ سینٹر ایک سنگ میل ہے جو آر ڈی ایم سی اور آئی ایچ ایچ این کی جانب سے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو بڑھانے، معیاری خدمات کو یقینی بنانے اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ نیا طبی مرکز امید اور ترقی کی علامت ہے جو کمیونٹی کی صحت کو بہتر بنانے کی جانب ایک قدم ہے۔

آر ڈی ایم سی کے مطابق ہمئے گاؤں میں کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کے قیام اور انڈس موبائل ہیلتھ یونٹ کی تعیناتی کے بعد یہ کمیونٹی ہیلتھ اور ایم سی ایچ سینٹر علاقے میں آر ڈی ایم سی کا تیسرا صحت کی دیکھ بھال کا اقدام ہے۔ اس منصوبے کو آئی ایچ ایچ این کی اشتراک اور آر ڈی ایم سی کے ذریعہ فنڈ کیا گیا ہے۔ آئی ایچ ایچ این پاکستان میں ایک معتبر اور معروف خیراتی اسپتالوں کا نیٹ ورک ہے جو شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں مقامی کمیونٹیز کو اعلیٰ معیار کی صحت کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

ریکوڈک ایک عالمی معیار کی تانبے اور سونے کی کان

واضح رہے کہ کمپنی کا کہنا ہے کہ ریکوڈک ایک عالمی معیار کی تانبے اور سونے کی کان ہے جو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ہے۔ دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے سونے کے منصوبوں میں سے ایک، ریکوڈک کی 50 فیصد ملکیت بیرک گولڈ کے پاس ہے جبکہ 25 فیصد تین وفاقی سرکاری اداروں اور 25 فیصد بشمول 10 فیصد بلامعاوضہ صوبہ بلوچستان کے پاس ہے۔ بیرک اب اس منصوبے کی 2010 اور 2011 کی فزیبلٹی ایکسپینشن اسٹڈیز کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے جسے 2024 تک مکمل کیا جائے گا جبکہ سال 2028 کو پہلی پیداوار کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ریکوڈک کی ٹرک اور بیلچے کے کھلے گڑھے کے آپریشن کے طور پر کم از کم 40 سال کی زندگی گزارنے کی امید ہے جس میں پروسیسنگ کی سہولیات اعلیٰ معیار کے تانبے اور سونے کا کنسنٹریٹ تیار کرنا ہے۔ 80 ملین ٹن سالانہ کی مشترکہ صلاحیت کے ساتھ ریکوڈک منصوبے کی دو مرحلوں میں تعمیر متوقع ہے۔ ریکوڈک پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے صوبہ بلوچستان پر تبدیلی کے اثرات مرتب ہوں گے جہاں اس سے پیدا ہونے والے معاشی فوائد کے علاوہ یہ کان روزگار کے مواقع بھی پیدا کرے گی، علاقائی معیشت کی ترقی کو فروغ دے گی اور پائیدار سماجی ترقی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کرے گی۔ بیرک کی مقامی ملازمتوں اور سپلائرز کو ترجیح دینے کی پالیسی بلوچستان کے ضلع چاغی کی مقامی آبادی پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

صحت

بلوچستان

Reko Diq Mining Company (RDMC)