Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹنے لگا، پارہ 40 ڈگری تک جانے کے بعد موسم ٹھنڈا پڑ گیا، گرد آلود ہوائیں

حکومت سندھ نے شدید گرمی کے باعث کراچی میں 77 ہیٹ ویوو مراکز اور کیمپس قائم کردیے
اپ ڈیٹ 26 جون 2024 06:49pm

کراچی میں گرمی کا زور ٹوٹنے لگا ہے، پارہ 40 ڈگری تک جانے کے بعد موسم ٹھنڈا پڑ گیا ہے اور گرد آلود ہوائیں چلنے لگی ہیں۔

کراچی شہر کے بیشتر مقامات پر اچانک سے گرد آلود ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں، بحریہ ٹاون، سرجانی صائمہ ولاز، گڈاپ، سرجانی، پاکستان چوک اور کورنگی میں گرد آلود ہوائیں چلیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر سے گرد آلود ہواوں کا سسٹم ختم ہو چکا ہے، جبکہ شہر میں آج بارش کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

انھوں نے بتایا کہ آندھی سے قبل آج پارہ چالیس ڈگری تک پہنچا تھا لیکن گرد اآلود ہواؤں کے سبب شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

سردار سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ شہر قائد میں کل درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی جبکہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور بوندا باندی متوقع ہے۔

قبل ازیں، محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ کراچی والے آئندہ دو روز تک جزوی ہیٹ ویو کا سامنا کرسکتے ہیں جبکہ کراچی میں گرم اور مرطوب موسم کے ساتھ صبح کا آغاز ہوگا۔

گرمی کے ستائے تیاری کرلیں، کراچی سمیت ملک بھر میں کل سے بارشیں ہونے والی ہیں

دو روز بعد شہر میں درجہ حرارت میں بتدریج کمی کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ملک میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے، مون سون ہواؤں کے زیر اثر کراچی میں 28 جون سے یکم جولائی تک بارش کا امکان ہے، ادھر ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بہتر ہے۔

کراچی میں شدید گرمی اپنا اثر دکھانے لگی، ہیٹ اسٹروک کے 22 متاثرہ اسپتال منتقل

ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دسویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر آگیا۔

ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 88 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیے گئے۔

گرمی کی شدید لہر، کراچی میں 77 ہیٹ ویو مراکز اور کیمپس قائم

دوسری جانب حکومت سندھ نے گرمی کی شدید لہر کے باعث کراچی میں 77 ہیٹ ویوو مراکز اور کیمپس قائم کردیے۔

سندھ حکومت کی جانب سے ضلع جنوبی میں 11، شرقی میں 18، غربی میں 6، سینٹرل میں 12، ملیر میں 15، کورنگی میں 8 اور کیماڑی میں 7 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

سول لائنز اور گارڈن سب ڈویژن میں 3، صدر اور آرام باغ میں 2،2 جبکہ گلشن اقبال میں 4، فیروز آباد میں 2، جمشید کوارٹرز مین 6، گلزار ہجری میں 5 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

ہیٹ ویوو کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کے سلسلے میں منگھو پیر میں 4، اورنگی اور نارتھ ناظم آباد میں دو دو، گلبرگ میں 4 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جبکہ نیو کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد میں دو، دو مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔

ابراہیم حیدری میں 8، مراد میمن میں 3، بن قاسم اور ایئرپورٹ سب ڈویژن میں 2 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ کورنگی اور لانڈھی میں دو، دو، شاہ فیصل میں ایک، ماڈل کالونی میں 3 مراکز قائم کیے گئے۔

کیماڑی اور ماری پور کے علاقوں میں ایک، ایک، بلدیہ میں دو اور سائٹ میں ہیٹ ویوو کے 3 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

کراچی میں غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہری اذیت کا شکار

ادھر کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری اذیت کا شکار ہیں، صفورا اور اسکیم 33 کے مختلف علاقوں میں 3 گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔

کراچی میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے نام پر عوام کے صبر کا پیمانہ جواب دے گیا، صفورا اور اسکیم 33 میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خواتین، بچے اور بوڑھے سبھی گرمی سے بے حال ہوگئے۔

کراچی کے مختلف علاقوں صفورا اور اسکیم 33 میں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

ہیٹ ویو کی صورتحال میں کے الیکٹرک کی بے حسی نے شہریوں کی زندگی داؤ پر لگادی ہے۔

صفورا اور اطراف کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، صفورا میمن اسپتال روڈ پر بھی شدید احتجاج کیا گیا جبکہ مظاہرین نے سڑکوں پر رکاوٹیں اور آگ لگاکر روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ رات ایک بجے بجلی بند کی گئی اور 12 گھنٹے بجلی معطل رہی، 12 سے 16 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ روز کا معمول بن چکی ہے۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کی بوسیدہ اور زائد المیعاد پی ایم ٹیز اور فیڈرز اوور لوڈ ہوکر ٹرپ ہونے لگے، فالٹس کی درستگی اور مرمت کے نام پر گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے، جب تک بجلی بحال نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گا۔

karachi

Hot Weather

KARACHI HOT WEATHER