Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

لوک سبھا میں ’جئے فلسطین‘ اور ’اللہ اکبر‘ کے نعرے، انتہا پسند اراکین تلملا اٹھے

اسد الدین اویسی نے اپنے عہدے کا حلف اردو میں اٹھایا
شائع 25 جون 2024 05:36pm

بھارت کی مسلمان اکثریتی سیاسی جماعت کُل ہند مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمان بیرسٹر اسد الدین اویسی کی حلف برداری کے دوران لوک سبھا میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ حلف لینے کے بعد اسد الدین اویسی نے ایسے نعرے لگائے جس کی وجہ سے کئی اراکین مشتعل ہوگئے۔

بھارت کی اٹھارہویں لوک سبھا (پارلیمنٹ) کے لیے منتخب اراکین کی حلف برداری پیر سے جاری ہے۔ ایوان کے پروٹیم اسپیکر بھرتری ہری مہتاب ایک ایک کر کے تمام اراکین کو ایوان کی رکنیت کا حلف دلا رہے ہیں۔ پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا کے رکن کے طور پر حلف لینے والے پہلے شخص تھے۔

اب تک 350 سے زائد ارکان اسمبلی حلف اٹھا چکے ہیں۔

منگل کو کو اسد الدین اویسی نے اپنے عہدے کا حلف اردو میں اٹھایا۔ جب بنچ سے ان کا نام پکارا گیا تو ایوان میں بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگائے گئے، اس کے ساتھ ہی کچھ اراکین پارلیمنٹ نے جئے شری رام کے نعرے بھی لگائے۔

جب اویسی حلف لینے کے لیے ڈائس پر پہنچے تو انہوں نے اردو میں حلف لیا اور جئے بھیم، جئے میم، جئے تلنگانہ، جئے فلسطین کا نعرہ لگایا اور آخر میں تکبیر اللہ اکبر کہا۔

لوک سبھا رکن شوبھا کرندلاجے نے اسد الدین اویسی کے نعروں پر سوال اٹھایا۔ اس کے بعد پارلیمنٹ میں موجود دیگر ارکان نے بھی جئے فلسطین کہنے پر اعتراض کیا۔

تنازع کو بڑھتا دیکھ کر بینچ پر بیٹھے رادھا موہن سنگھ نے اسے ریکارڈ سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

سری نگر میں نہتا نوجوان پاکستان مخالف نعرہ نہ لگانے پر شہید

اس حوالے سے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ اویسی کا لگایا گیا نعرہ ”بالکل غلط“ اور آئین کے خلاف ہے۔ ایک طرف وہ آئین کے نام پر حلف اٹھا رہے ہیں اور دوسری طرف آئین کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں، اویسی کا اصلی چہرہ سامنے آ گیا ہے، وہ آئے روز ملک اور آئین کے خلاف سوالات اٹھاتے ہیں۔

اویسی کے نعرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ ہم کسی ملک کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتے لیکن ایوان میں کسی ملک کا نام لینا درست نہیں ہے۔

پچھلے سال جب اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ چھڑی تو اویسی نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ انسانیت کا بھی مسئلہ ہے۔ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو بھی ’’شیطان‘‘ قرار دیا تھا۔

اسد الدین اویسی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد حلقہ سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتھا کو 3.3 لاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔

امتحان کے ایک نتیجے نے بھارتی شعبہ تعلیم کی میگا کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا

جیسے ہی ان کے نعرے پر تنازعہ کھڑا ہوا تو اسد الدین اویسی نے کہا کہ آئین میں ایسا کوئی بندوبست نہیں ہے جو انہیں یہ کہنے سے روکے۔

انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر کہا، ’یہ کیسے غلط ہے؟ مجھے آئین کی دفعات بتائیں؟ آپ کو بھی سننا چاہئے کہ دوسروں نے کیا کہا۔ میں نے کہا جو مجھے کہنا تھا‘۔

فلسطینی تنظیم حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ جون میں آٹھویں مہینے میں داخل ہوئی جس میں تقریباً 40,000 افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو گئے۔

Asaduddin Owaisi

Lok Sabha Oath