Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

”ابا کے بعد اماں، اور اب بھائی بھی مان گئے“

سوناکشی کی شادی میں شرکت کیلئے جڑوا بھائی لَو اور کُش بھی ممبئی پہنچنے والے ہیں

بھارت کی معروف اداکارہ سوناکشی سہنا کی دیرینہ بوائے فرینڈ ظہیر اقبال سے آج شادی ہو رہی ہے۔ اہلِ خانہ سوناکشی کی پسند پر خوش نہیں تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ شادی میں شریک نہیں ہوں گے۔

پہلے ابا میاں یعنی شتروگھن سنہا راضی ہوئے اور آشیرواد دیا۔ پھر امی جان پونم سنہا بھی مان گئیں۔ اب معلوم ہوا ہے کہ سوناکشی کے جڑوا بھائی لَو اور کُش بھی مان گئے ہیں اور امریکا سے پہنچنے ہی والے ہیں۔

سوناکشی کے بارے میں دو تین دن سے مذہب کی تبدیلی کی باتیں بھی کی جارہی ہیں۔ اب سوناکشی کے ہونے والے سُسر نے وضاحت کردی ہے کہ یہ محبت کا معاملہ ہے جس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ دولہا اور دلھن اپنے اپنے مذہب پر کاربند رہیں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ شادی کی تقریب ظہیر اقبال کے گھر پر ہوگی۔ اس موقع پر اسلام یا ہندو اِزم کی کوئی رسم ادا نہیں کی جائے گی۔ شادی اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت اُسی طور انجام پائے گی جس طور کورٹ میرج کی رجسٹریشن کی جاتی ہے۔

شتروگھن سنہا چاہتے ہیں کہ بیٹی رخصت نہ ہو یعنی ظہیر اقبال گھر داماد بن کر رہے۔ ظہیر اقبال نے اس حوالے سے اب تک کوئی بیان نہیں دیا ہے اس لیے فی الحال غالب امکان اس بات کا ہے کہ سوناکشی پیا کے گھر ہی میں رہے گی۔

شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ ناراضی کیسی؟ یہ سوناکشی کی زندگی ہے اس لیے فیصلہ کرنے کا حق بھی اُسی کا ہے۔ وہ جس بات میں خوش ہے ہم بھی اُسی بات میں خوش ہیں۔ مجھے صرف اتنا یاد رہتا ہے کہ وہ میری بیٹی ہے۔

zaheer iqbal

SONAKSHI BROTHERS

NO CHANGE OF RELIGION