غیر ملکیوں کی سیکیورٹی میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں، وفاقی وزیر داخلہ
وزارتِ داخلہ میں چینیوں سمیت غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیرملکیوں خصوصا چینی شہریوں سے متعلق سیکیورٹی پلان کے ایس او پیز کی من و عن تعمیل کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لیے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ مربوط لائحہ عمل مرتب کیا جاسکے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ چینیوں سمیت تمام غیر ملکیوں کے لیے تیار کیے جانے والے سیکیورٹی پلان میں کسی قسم کی غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
اجلاس کے دوران وزارتِ داخلہ کے حکام نے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
یاد رہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھی آج ہی غیر ملکیوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے قومی ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے۔
قومی سلامتی سے متعلق امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں اور بالخصوص چینی باشندوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کے حوالے سے یہ دونوں اجلاس بہت اہم ہیں۔
Comments are closed on this story.