بی جے پی لیڈر ہندی میں ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ لکھنے میں ناکام، ویڈیو وائرل
بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی وزیرساوتری ٹھاکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنی مادری ہندی زبان میں ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ درست طریقے سے نہیں لکھ سکیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ساوتری ٹھاکر ’اسکول چلو ابھیان‘ کے پروگرام کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے منگل کے روز مدھیا پرددیش کے شہر دھار کے ایک سرکاری اسکول میں بطور چیف گیسٹ پہنچی تھیں۔
تقریب کے دوران انہوں نے بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ وائٹ بورڈ پر لکھنے کی کوشش تو کی مگر درست طرح سے نہیں لکھ پائیں۔ بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھاؤ کی جگہ انہوں نے بیٹی پڑھاؤ بچاو لکھ دیا تھا جس پر ان کی پارٹی کی مخالف جماعت کانگریس نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے نے بتایا کہ ساوتری ٹھاکر کے انتخابی حلف نامے کے مطابق انہوں نے 12ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کانگریس کے سینئر رہنما کے کے مشرا نے بھارتی وزیرساوتری ٹھاکرپر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ اپنی وزارت چلانے کے قابل کیسے ہو سکتی ہیں؟’
کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ انتخابات میں امیدواروں کی کم از کم تعلیمی قابلیت طے کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کی جانی چاہیے۔
واضح رہے بی جے پی رہنما ساوتری ٹھاکر خواتین اور بچوں کی ترقی کی مرکزی وزیر کے عہدے پر فائز ہیں۔
Comments are closed on this story.