کراچی میں شدید گرمی، بعض مقامات پر بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی موسم شدید گرم رہے گا، شہر میں دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جو 50 سے 55 ڈگری تک محسوس کیا جاسکے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 65 سے 75 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغرب سےچلنے والی ہوائیں 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں فی الحال بارش کا کو ئی امکان نہیں، کراچی میں مون سون سیزن کا آغاز جولائی میں ہوگا۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران چند مقامات پربارش کا امکان
دوسری جانب آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان، پنجاب ، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔
اس دوران شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے جبکہ شام کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کوہاٹ، کرک ، چترال، دیر، بونیر، مہمند، خیبر، پشاور، مردان اورکزئی اور کرم میں آندھی ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقا مات پربارش کی توقع ہے۔
اس دوران پنجاب مری، گلیات میں آندھی ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ خضدار، لسبیلہ، بارکھان، کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی، سبی، نصیر آباد، جعفرآباداور ڈیرہ بگٹی میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا تاہم سکھر، اورجیکب آباد میں آندھی /جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا
سندھ کے مختلف شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، سکھر میں بارش سے نشیشی علاقے زیرآب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
روہڑی، پنو عاقل، کندھرا اور صالح پٹ میں برسات سے کچے مکانات کو نقصان پہنچا، سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں۔
ٹھل میں بھی بارش سے بجلی کے فیڈرز ٹرپ کرگئے، مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔
کندھ کوٹ میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، سندھ میں رم جھم کا سلسہ اتوار تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔
Comments are closed on this story.