Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حج کے دوران کیسے انتظامات تھے؟ پاکستانی حجاج نے بتا دیا

رواں برس تقریباً 18 لاکھ افراد نے حج ادا کیا جن میں سے 16 لاکھ افراد بیرونی ملک سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے
اپ ڈیٹ 20 جون 2024 11:25pm
تصویر بشکریہ :احرام آن لائن
تصویر بشکریہ :احرام آن لائن

رواں سال کا حج دنیا بھر سے لاکھوں حجاج کرام کے لیے شدید گرمی کے باعث انتہائی سخت رہا۔ مکہ میں ہیٹ اسٹروک کے باعث کئی عازمین حج جاں بحق ہوگئے۔

سعودی حکام کے مطابق رواں برس تقریباً 18 لاکھ افراد نے حج ادا کیا جن میں سے 16 لاکھ افراد بیرونی ملک سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے پہنچے تھے۔

دوران حج کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ڈی جی حج مشن نے تعداد بتادی

سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق مناسک حج کے دوران گرمی سے ہلاک ہونے والے عازمین کی تعداد 922 بتائی گئی ہے۔ جن میں کم ازکم 35 پاکستانی عازمین ہیٹ اسٹروک سے ہلاک ہوئے۔

پاکستانی حجاج نے کیا بتایا؟

پاکستان سے سرکاری اور نجی حج کرنے والے حجاج نے بی بی سی اردو کو مناسک حج کے دوران پیش آنے والے مسائل اور انتظامات سے متعلق بتایا۔

پاکستان کے شہر اسلام آباد سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والی خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ سرکاری حج کرنے گئیں مگر وہاں کے خراب انتظامات نے انہیں بہت دلبرداشتہ کیا۔

خاتون نے بتایا کہ ہمیں وہاں کسی بھی چیز کے لیے شکایت کرنی ہوتی تو اہلکار ہماری بات کو نہیں سنتے۔

پاکستانی خاتون بتاتی ہیں کہ مزدلفہ میں پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے حجاج کو جگہ فراہم کی گئی تھی، اور وہ جگہ پہاڑوں کے درمیان گہرائی میں تھی۔ وہاں لوگ گھٹن کا شکار ہورہے تھے اور شدید گرمی کے باعث لوگ واش روم کے باہر سونے پر مجبور ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ وہ رات میں نے کیسے گزاری صرف اللہ بہتر جانتا ہے۔ پوری رات میرے شوہر مجھے پنکھے سے ہوا دیتے رہے۔ میں صرف یہی دعا کرتی رہی کہ اللہ میاں بس فجر کی نماز پڑھ کر میں یہاں سے نکل جاؤں’۔

وہیں بی بی سی سے گفتگو میں ایک اور پاکستانی خاتون منزہ انوار نے حج کے ایام سے پہلے انتظامات بہتر تھے لیکن مشاعر کے دنوں میں وہ بہت پریشانی کے عالم میں مبتلا ہوگئیں تھیں۔

واضح رہے سوشل میڈیا پر حجام کرام کو بے یار و مددگار چھوڑنے سے متعلق بے خبریں سامنے آنے پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد افواہوں کو عوام نظرانداز کریں۔

ڈی جی حج کا کہنا تھا کہ ہم سعودی حکومت کی جانب سے مہیا کی گئیں معلومات پر بھروسہ کرتے ہیں جن کی ہم بعد ازاں خود بھی تصدیق کرتے ہیں۔

Makkah

Pakistani Pilgrims

Hajj deaths 2024