Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئےاداروں کی استعداد ِکار بڑھانا ہوگی، صدر مملکت

بلوچستان میں قابل اور بہادر پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت
شائع 20 جون 2024 08:00pm

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں انسدادِ دہشت گردی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد ِکار میں اضافے کو ضروری قرار دے دیا ہے۔

صدر مملکت کی زیرِ صدارت بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق گوادر میں اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی، ملک شاہ گورگیج، صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو سمیت اعلیٰ سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

دوران اجلاس صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئےاداروں کی استعداد ِکار بڑھانا ہوگی، بلوچستان میں قابل پولیس افسران تعینات کرنا ہوں گے اور دہشت گردی کا مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے استغاثہ کا طریقہ کار بہتر بنانا ہوگا۔

صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ بلوچستان حکومت نے صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے ٹارگٹڈ لائحہ عمل اپنایا ہے، اداروں کے اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت چینی اور غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

صدر مملکت نے صوبائی حکومت کی کوششوں اور دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو سزا دلانے کیلئے استغاثہ کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں شہداء کے لواحقین کے معاوضے میں اضافہ کرکے باقی صوبوں کے برابر لایا جائے، بلوچستان میں قابل اور بہادر پولیس اہلکار تعینات کرنے کی ضرورت ہے، قابل افسران صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ زائرین کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو ہنر سکھانے کی ضرورت ہے، زیادہ تربیت یافتہ انسانی وسائل کی تیاری کیلئے تربیتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ماہی گیری کے پائیدار طریقے فروغ دینا ہوں گے، ماہی گیری کی صنعت کے فروغ کیلئے ماہی گیروں کو سرمایہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے، غیر قانونی ماہی گیری کے جالوں کی تیاری روکنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مذاکرات سے بلوچستان میں خوشحالی، ترقی اور امن آئے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے دورے سے بلوچستان کے عوام کو اپنائیت کا احساس ملے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرحدی علاقے کے لوگوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد کیلئے قابل قدر مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا، تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلوچستان کی ترقی کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

بلوچستان

President Asif Ali Zardari

Gawadar Visit