Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

چین کا اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے، عطا تارڑ

چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی گئی ہے، وزیر اطلاعات
شائع 20 جون 2024 05:57pm

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ خان تارڑ کا کہنا ہے کہ چین کا اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے، جو سی پیک کے حوالے سے بات کرے گا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی سیاست سے بالاتر ہے، پاک چین دوستی لازوال اور پائیدار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے چین کا کامیاب دورہ کیا ہے، جس میں پاک چین دوستی اور سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھانے پر بات ہوئی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بہت سی طاقتوں کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی، پاک چین دوستی پر تنقید کرنا ہی نہیں چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی گئی ہے جو خوش آئند ہے، چین کے وفد کا آنا پاکستان کے لئے خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی دلیل ہے، چینی سفیر اورسفارت خانہ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے معاملات کو بہتر طریقے سے آگے بڑھایا۔

Attaullah Tarar

Chinese Delegation Visit Pakistan