ایران میں کعبہ کی نقل کا اشتعال انگیز دعویٰ، غیر ملکی خبر ایجنسی فیکٹ چیک پر مجبور ہوگئی
ایران کے دارالحکومت تہران میں خانہ کعبہ کے ایک بڑے ماڈل کے حوالے سے گمراہ کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
خانہ کعبہ کے اس ماڈل (ریپلیکا) کے ساتھ دیے گئے کیپشن سے یہ تاثر دیتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان افتراق و انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی کہ ایران میں، نعوذ باللہ، خانہ کعبہ بناکر طواف کیا جارہا ہے۔ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔
خانہ کعبہ کے اس ایرانی ماڈل کی تصویریں تین چار سال پہلے بھی وائرل ہوئی تھیں۔ گزشتہ برس 16 مئی کو امریکی خبردار رساں ادارے (اے پی) نے خانہ کعبہ کے اس نمونے کی ویڈیو تیار کی اور اُس کے ساتھ کیپشن بھی لگایا کہ ایران کے عازمینِ حج مناسکِ حج کی تیاریاں اور مشق کر رہے ہیں۔
یہ ویڈیو اے پی کے آفیشل یو ٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی تھی اور کسی بھی غلط فہمی یا مغالطے سے بچنے کے لیے اب بھی وہاں دیکھی جاسکتی ہے۔ ویڈیو کے ساتھ دیے گئے کیپشن کا مواد ہر مغالطے کی جڑ کاٹنے کے لیے کافی ہے۔
حقیقت یہی ہے کہ خانہ کعبہ کا یہ ماڈل تہران کے آزادی اسپورٹس ہال میں قائم ہے جہاں عازمینِ حج طواف اور دیگر مناسک کی تیاری اور مشق کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.