Aaj News

بدھ, جون 26, 2024  
20 Dhul-Hijjah 1445  

وفاقی حکومت اپنا رویہ ٹھیک کرے ورنہ ان کا رویہ عوام درست کرے گی، علی امین

لوڈشیڈنگ سے قربانی کا گوشت خراب ہو رہا ہے، حکومت نے حدیں پار کر دیں ہیں، اسد قیصر
اپ ڈیٹ 18 جون 2024 10:31pm

پشاور میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر علی امین گنڈا پور اوراسد قیصر کا بیان سامنے آگیا۔ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لائن لاسز کے معاملے پر واپڈا کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں، لیکن پی ڈی ایم کی حکومت جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لے رہی ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کوووٹ دینے کا انتقام لیا جا رہا ہے۔ لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہو رہا ہے۔

وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے حصے کی بجلی پہلے سے کم کردی گئی ہے ۔وفاقی حکومت پختونخوا کے عوام سے انتقام لے رہی ہے وفاقی حکومت کو خیبر پختونخوا کے ساتھ اپنا رویہ ٹھیک کرنا ہوگا۔

وزیر اعلی کے پی کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وفاق کے ساتھ دوسری بیٹھک ہوگی لائن لاسز کے معاملے پر واپڈا کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں، لیکن پی ڈی ایم کی حکومت جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لے رہی ہے، جو کمٹمنٹ کی گئی تھی وہ پوری نہیں ہورہی۔ .

انھوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر ہم چپ نہیں رہیں گے، وفاقی حکومت سے جواب مانگیں گے، عوام جمہوری طریقے سے احتجاج کے ذریعے ان کا رویہ درست کرے گی، اگر ایسا ہوا تو ان سمیت ان کے لانے والوں کو بھی بہت تکلیف ہوگی اور اگر تکلیف ہوگی تو اس کی آواز دور تک جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما ا سد قیصر نے کہا کہ گزشتہ 3 روز سے خیبر پختونخوا میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے لوڈشیڈنگ سے لوگوں کا قربانی کا گوشت خراب ہورہاہے، خیبر پختونخواسےپی ٹی آئی کوووٹ دینےکاانتقام لیاجارہاہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا مگر انہوں نے حدیں پار کر دیں، ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بناہے مگر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ہمیں لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی منظور نہیں، یہ ظلم بند کیا جائے، اسمبلی کی فلور پر بھی احتجاج اور بجٹ تقریر میں اس ایشو کو اجاگر کریں گے۔

Asad Qaiser

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)