Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو ایلون مسک نے ناقابل اعتبار قرار دے دیا، بھارتی سیاست دانوں سے بحث

سابق مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر کا دعوٰی ہے بھارتی ای وی ایمز محفوظ ہیں، راہل گاندھی بھی بحث میں کود پڑے
شائع 16 جون 2024 03:18pm

ٹیسلا، ایکس اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ناقابلِ اعتبار ہیں۔ اِنہیں کوئی بھی ہیک کرسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بھارتی سیاست دانوں سے بحث میں کہی۔

بھارت کے سابق مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر کا کہنا ہے کہ بھارت میں حال ہی میں انتخابات کے دوران استعمال کی جانے ولای الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں ہر اعتبار سے محفوظ ہیں اور کوئی بھی اُن میں کسی طرح کی گڑبڑ نہیں کرسکتا۔

ایلون مسک نے کہا ہے کہ کوئی بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہیک کی جاسکتی ہے۔ ان کا استدلال تھا کہ بھارت میں متعارف کرائی جانے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بھی قابلِ اعتبار نہیں۔

ایلون مسک کی اس بات کو درست قرار دیتے ہوئے کانگریس سے پارلیمانی رکن راہل گاندھی بھی اس بحث میں کود گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی نے کسی بھی مشین کو ہیک کرنا اور اُس سے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنا بہت آسان بنادیا ہے۔

ایلون مسک نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کوبھی مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہیک کرکے اپنے مقاصد کے لیے بروئے کار لایا جاسکتا ہے اس لیے نقصان کم حجم کا ہو تب بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو ختم ہی کردینا چاہیے۔

نریندر مودی کے دوسرے عہدِ حکومت میں الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیرِ مملکت کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے راجیو چندر شیکھر کا کہنا ہے کہ امریکا میں استعمال کی جانے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو ہیک کیا جاسکتا ہے کیونکہ وہاں انٹرنیٹ سے جُڑی ہوئی ووٹنگ مشینیں بنانے کے لیے اسٹینڈرڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ بھارت میں استعمال ہونے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں کسٹمائزڈ ہوتی ہیں اور کسی بھی نیٹ ورک یا میڈیا سے جُڑی ہوئی نہیں ہوتیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں بھی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے انتخابات کروانے کی کوشش کی گئی تھی۔

Elon Musk

Rahul Gandhi

EVMs

INDIAN POLITICIANS

RAJEEV CHANDRASHEKHAR