سالگرہ میں آتشبازی، ننھی بیٹی کو نظر انداز کرکے بیوی کو پچکارنے والا شخص تنقید کا شکار
اکثر شادی شدہ مردوں کو ”جورو کا غلام“، ”بیوی کے پلو سے بندھا“ یا پنجابی میں کہیں تو ”ووہٹی دے تھلّے پے گیا“ جیسے جملے سننے کو ملتے ہیں، کئی لوگ اس بات کا برا مناتے ہیں، لیکن کچھ ایسے بھی ہوتے ہی جو اسے انتہائی حد تک سچ بھی کر دکھاتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ ہوا بھارت میں، جہاں سالگرہ کی تقریب کے دوران ایک شوہر نے اپنی ننھے سی بچی کو آتشبازی سے بچانے کے بجائے اپنی بیوی کو پچکارنا زیادہ اہم سمجھا۔
سالگرہ کی تقریب کو رنگا رنگ بنانے کے لیے ہر طرح کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ فیملیز برتھ ڈے پارٹی کی سیلیبریشن کی ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شئیر کرتی ہیں جنہیں خوب پسند کیا جاتا ہے۔
لیکن اب جو سالگرہ کی تقریب کی مختصر ویڈیو سامنے آئی، اس میں فائر ورکس نے رنگ میں بھنگ تو ڈالا ہی، ساتھ ہی ویڈیو میں موجود والدین کا غیر ذمہ دارانہ رویہ لوگوں کو بالکل پسند نہ آیا۔
ایکس پر جاری ہونے والی ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میاں بیوی اپنی بیٹی کو انٹری کے طور پر پھولوں سے سجی ایک ٹرالی کارٹ میں لے کر آرہے ہیں جبکہ ان کے دائیں اور بائیں فائر ورک چل رہا ہے، مگر اسی دوران اچانک چنگاری بھڑک اٹھتی ہے جس کے نتیجے میں خاتون چہرہ بچاتے ہوئے منہ پھیر لیتی ہیں۔
آگ کے شعلے بھڑکنے سے ننھی بچی خوف سے بلک کر رونے لگتی ہے مگر شوہر بیٹی کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی بیوی کو پچکارنے لگتا ہے۔
اس دوران مہمانوں میں سے ایک بزرگ خاتون جو ممکنہ طور پر بچی کی نانی یا دادی لگتی ہیں، فوراً اس بچی کو اٹھاتی ہیں تاکہ اسے مزید کوئی نقصان نہ ہو۔
سوشل میڈیا صارفین مذکورہ ویڈیو میں موجود شخص کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سہمی ہوئی بیٹی کو وہاں سے اٹھانے کے بجائے پہلے بیوی کو بچانا افسوسناک ہے۔
Comments are closed on this story.