Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

“ منصور کو میچ فکسر کی فون کال“ ماجرہ کیا ہے؟

سابق کرکٹر اعجاز احمد کا بیان، صحافی منصور علی خان اور سابق کھلاڑی محمد آصف آمنے سامنے
شائع 14 جون 2024 07:49pm
تصویر بشکریہ ویڈیو اسکرین شاٹ
تصویر بشکریہ ویڈیو اسکرین شاٹ

معروف صحافی منصور علی خان نے گزشتہ دنوں اپنے یوٹیوب چینل کی ایک ویڈیو میں سابق کرکٹر اعجاز احمد کے متعصبانہ بیان پر رد عمل ظاہر کیا تھا،ویڈیو بیان میں انہوں نے میچ فکسنگ میں ملوث سابق پاکستانی کھلاڑیوں کا حوالہ دیا تھا، جس پر محمد آصف خاموش نہ رہ سکے اور دونوں کے درمیان بحث چھڑ گئی۔

سابق پاکستانی کرکٹر اعجاز احمد نے پشتون کرکٹرز سے متعلق متعصبانہ بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”غور کیا جائے تو پاکستانی کرکٹ ٹیم میں تقریباً 80 فیصد کھلاڑی ریموٹ ایریاز یا خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اگر سندھ سے ٹیم بنائی جائے تو اس میں 7-8 کھلاڑی پٹھان ہوتے ہیں۔ ان کے پاس نہ تعلیم ہے اور نہ ہی ایکسپوژر، یہی وجہ ہے کہ یہ کھلاڑی پریشر کو نہیں سنبھال سکتے۔“

سابق کرکٹر اعجاز احمد کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین سمیت مختلف شخصیات کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

پٹھان کھلاڑیوں سے متعلق متعصبانہ گفتگو: صارفین اعجازاحمد پر سیخ پا

جوں ہی ویڈیو وائرل ہوئی تو صحافی منصور علی خان نے بھی اعجاز احمد کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ماضی میں تین کرکٹرز میچ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے، ان میں سے ایک بھی پشتون نہیں تھا، ان سب کا تعلق پنجاب سے تھا۔

انہوں نے کھلاڑیوں کے نام لیے بغیر بتایا کہ ان کا تعلق پنجاب سے تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منصور علی خان کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ ہونے کے بعد محمد آصف کی جانب سے انہیں فون کال بھی کی گئی، جس پر صحافی نے ایک اور ویڈیو اپ لوڈ کی جس کا عنوان انہوں نے “ منصور کو میچ فکسر کی فون کال“ رکھا۔

اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں منصور علی خان کا کہنا تھا کہ ایک فکسر مجھے فون کرتا ہے اور پوچھتا ہے کہ آپ مجھے اس تنازع میں کیوں لا رہے ہیں؟ آپ کو اس بارے میں بات کرنے کی کیا ضرورت تھی؟

جس پر منصور علی خان نے محمد آصف کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کا کیا مطلب ہے، کیا آپ میچ فکسر نہیں ہیں؟ آپ نے میچ فکسنگ کی تھی، اور یہ ساری زندگی آپ کے ساتھ رہے گا۔ اس کے علاوہ، میں نے ویڈیو میں کہیں بھی آپ کا ذکر نہیں کیا، میں نے یہ بات کسی اور تناظر میں کہی ہے۔

جس پر سابق کرکٹر محمد آصف بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔

محمد آصف کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ میں نے بھی ’اعجاز احمد‘ کے متعصبانہ بیان پر مذمت کی تھی۔ ان کا بیان بالکل غلط تھا لیکن آپ کون ہوتے ہیں کسی کے کردار کو نقصان پہنچانے والے؟ کیا آپ کے پاس ایسا کرنے کا کوئی لائسنس موجود ہے؟

میچ فکسنگ سے متعلق محمد آصف کا کہنا تھا کہ ہاں میں نے ماضی میں میچ فکسنگ کی اور اس کی سزا بھی ملی۔ میں نے آپ کو صرف اس لیے فون کیا تھا کہ آپ نے مجھ پر پوری ویڈیو بنائی۔ اُس واقعے کو 14 سال ہوچکے ہیں۔ میرے بچے بڑے ہو رہے ہیں، اور آپ کے بھی۔ وہ میرے بارے میں کیا سوچیں گے؟ یہ بالکل ٹھیک نہیں ہے۔

خیال رہےانٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2010 میں قومی کرکٹرز محمد آصف، محمد عامر اور سلمان بٹ کو میچ فکسنگ اسکینڈل میں ان کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

Mansoor Ali Khan

ijaz ahmed

mohammad asif