Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست پر امریکی ترجمان کا دلچسپ جواب

جن معاملات میں مہارت نہ ہو اُن پر بولنے سے مشکل میں پڑ جاتا ہوں، محکمہ خارجہ کے میتھیو ملر کی بریفنگ
شائع 14 جون 2024 12:38pm

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں امریکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میں جب بھی ایسے کسی معاملے پر بولتا ہوں جس میں مہارت نہ ہو تو مشکل میں پڑ جاتا ہوں۔

میڈیا بریفنگ کے دوران میتھیو ملر نے کہا کہ کرکٹ کے معاملات میں ان سے کچھ پوچھا جائے جو اس کھیل اور اس کے مبادیات کو اچھی طرح جانتے ہوں۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنے تبصرے میں کہا کہ میتھیو ملر کے جواب سے یہ اندازہ ہو جاتا ہے کہ کرکٹ چاہے جنوبی ایشیا سمیت متعدد خطوں میں غیر معمولی مقبولیت سے ہم کنار ہو تاہم امریکا میں ابھی تک اس کھیل کی خاطر خواہ پذیرائی نہیں کی گئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھیل کو مقبولیت سے ہم کنار کرنے کے لیے امریکا کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی سونپی۔ ایونٹ میں امریکی ٹیم کی کارکردگی اب تک بہت اچھی رہی ہے اور اس کے اگلے مرحلے یعنی سپر ایٹ میں پہنچنے کا امکان بھی برقرار ہے۔

امریکی ٹیم نے 6 جون کو ڈیلاس کے گرینڈ پریرے اسٹیڈیم میں پاکستان کو سپر اوور میں شکست دی تھی۔ پاکستان کی تجربہ کار ٹیم کے مقابل شیر خوار امریکی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی نے دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کو خوش گوار حیرت سے دوچار کردیا تھا۔

امریکا ک ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت سے بھی ہارنے پر شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ اس کا سپر ایٹ مرحلے میں پہنچے کا معاملہ اب اگر مگر کا شکار ہوچکا ہے۔

Mathew Miller

COMMENT ON CRICKET

EXCUSE

CRICKET IN USA

ASTONISHING FEAT