Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے لیک ہونے والی آڈیو نے ہنگامہ مچا دیا، دنیا تشویش میں مبتلا

ناسا نے غلطی سے آڈیو کو لائیو اسٹریم کردیا
شائع 13 جون 2024 06:32pm

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے مبینہ طور پر لیک ہونے والی ایک آڈیو کلپ نے ہنگامہ مچا دیا ہے اور لوگ تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

ناسا کے لائیو اسٹریم پر غلطی سے ایک آڈیو کلپ نشر ہوئی، جس میں اسپیس اسٹیشن پر پیش آئی طبی ہنگامی صورتحال پر بحث کی جا رہی تھی۔

آڈیو میں ایک فلائٹ سرجن کو ایک ایسے منظر نامے پر گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا، جس میں کمانڈر کو ڈی کمپریشن بیماری کے لیے ہائپر بارک علاج کی ضرورت تھی۔

یہ ایک سنگین حالت ہے جو دباؤ میں تیزی سے تبدیلیوں کی وجہ سے ہوتی ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی آڈیو کے مطابق، ایک خاتون نے عملے کے ارکان سے کہا کہ وہ ’کمانڈر کو واپس اس کے سوٹ میں لے آئیں‘، اس کی نبض چیک کریں اور اسے آکسیجن فراہم کریں۔

زمین کو تپش سے بچانے کیلئے خلا میں دیوہیکل چھتری

بعد میں اسی آواز نے کہا کہ اس کی حالت ”نازک“ ہے۔

ناسا نے نہ تو ریکارڈنگ کی تصدیق کی اور نہ ہی آڈیو کو دوبارہ شائع نہیں کیا۔

آڈیو میں نامعلوم آواز نے اسپین میں ایک اسپتال تلاش کرنے کا ذکر کیا جس میں کمانڈر کے لیے ”سپلیش ڈاؤن“ کے بعد انتہائی نگہداشت اور ہائپر بارک سہولیات موجود ہیں، اور عملے کی زمین پر واپسی کا بھی کہا گیا۔

انہوں نے ”شدید ڈی سی ایس ہٹ“ کے بعد کمانڈر کو ہائپر بارک علاج اور آکسیجن تھراپی کے لیے تیار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا، ڈی سی ایس ڈی کمپریشن بیماری کا مخفف ہے۔

تاہم، آئی ایس ایس مشن کنٹرول نے بعد میں اس بات کی تصدیق کی کہ آڈیو زمین پر کی گئی نقلی مشق کی تھی اور نادانستہ طور پر لائیو اسٹریم پر نشر ہو گئی تھی۔ اس واقعے کے وقت عملے کے تمام ارکان بحفاظت سو رہے تھے۔

زمین ٹھنڈی کرنے کیلئے سائنسدانوں کا خفیہ تجربہ

ڈیکمپریشن سکنیس اس وقت ہوتی ہے جب ماحولیاتی دباؤ میں تیزی سے کمی کی وجہ سے جسم میں تحلیل شدہ گیسیں بلبلے بناتی ہیں۔ اگر آئی ایس ایس یا اسپیس سوٹ میں خرابی ہو تو ایسا ہو سکتا ہے، جس سے خلابازوں کو اسپیس ویکیوم جیسے ماحول کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

خلائی اسٹیشن کا اندرونی حصہ زمینی ماحول کی نقل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کا دباؤ تقریباً 14.5 پی ایس آئی ہے اور ہمارے سیارے کی طرح نائٹروجن اور آکسیجن کا مکسچر ہے۔

لیکن اسٹیشن کے باہر صفر کے دباؤ میں اچانک جانے سے تحلیل شدہ گیسیں، بنیادی طور پر نائٹروجن، محلول سے باہر آکر جسم میں بلبلے بنا سکتی ہیں۔

وہ ایسٹروناٹ جو خلا سے واپس آیا تو اس کا ملک زمین سے غائب ہوچکا تھا

یہ بلبلے خون کی نالیوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں، ٹشوز پھٹ سکتے ہیں، اندرونی طور پر خون بہنے کا سبب بن سکتے ہیں، اور اشتعال انگیز ردعمل کو متحرک کر سکتے ہیں، جس سے انتہائی شدید درد اور ممکنہ طور پر مہلک پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

ڈی کمپریشن بیماری خلابازوں کے لیے ایک خوفناک صورتحال ہے اور یہ غوطہ خوروں کو بھی متاثر کر سکتی ہے جو گہرے پانیوں سے بہت تیزی سے اوپر آتے ہیں۔

اگرچہ اس طرح کی ہنگامی صورت حال اب تک پیش نہیں آئی ہے، لیکن یہ مشق خلائی تحقیق میں ایسے منظرناموں کے لیے تیاری کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔

NASA

astronauts

audio leak

International Space Station (ISS)

Decompression Sickness